’دہلی کا نام بدل کر اندرپرستھ رکھا جائے‘، چاندنی چوک سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کھنڈیلوال نے امت شاہ کو لکھا خط

بی جے پی رکن پارلیمنٹ کھنڈیلوال نے اپنے خط میں لکھا کہ ’’پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کا نام اندرپرستھ جنکشن اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ کا نام اندرپرستھ ایئرپورٹ کیا جائے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>(ویڈیو گریب) پروین کھنڈیلوال</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کی راجدھانی دہلی کا نام اب ’اندرپرستھ‘ کیا جائے، یہ مطالبہ چاندنی چوک سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال نے کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھ کر کہا کہ دہلی کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے اور یہی وہ سرزمین ہے جہاں مہابھارت کے دور میں پانڈووں نے راجدھانی اندرپرستھ قائم کی تھی۔ اس لیے دہلی کو اس کے قدیم اور شاندار نام سے پکارا جانا چاہیے۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ کھنڈیلوال نے اپنے خط میں درخواست کی ہے کہ پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کا نام اندرپرستھ جنکشن اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ کا نام اندرپرستھ ایئرپورٹ کیا جائے۔ ساتھ ہی دہلی کے کسی نمایاں مقام پر پانڈووں کے عظیم الشان مجسمے نصب کیے جائیں، تاکہ نئی نسل ہندوستان کی قدیم تہذیب اور ثقافت سے جڑ سکیں۔ انہوں نے اپنے خط کی کاپیاں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، وزیر ریل اشونی ویشنو، شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو اور وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت کو بھی بھیجی ہیں۔


کھنڈیلوال کا کہنا ہے کہ اندرپرستھ صرف ایک نام نہیں بلکہ ہندوستان کی روح، مذہب اور اخلاقیات پر مبنی حکمرانی کی علامت ہے۔ جب ملک کے دیگر تاریخی شہر پریاگ راج، ایودھیا، وارانسی اور اجین اپنی قدیم شناخت حاصل کر چکے ہیں، تب دہلی کو بھی اس کا اصلی نام ملنا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی وزیر اعظم نریندر مودی کے ’ثقافتی نو بیداری‘ ویزن کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہابھارت کے دور میں (تقریباً 3000 قبل مسیح) میں پانڈووں نے ہستیناپور سے راجدھانی بدل کر جمنا کنارے اندرپرستھ نگر قائم کیا تھا۔ بعد میں یہ علاقہ موریہ، گپت اور راجپور ادوار میں بھی تجارت و ثقافت کا مرکز رہا۔ تومر بادشاہوں کے دور میں اسے ڈھلیکا کہا گیا، جس سے دہلی لفظ بنا۔

پروین کھنڈیلوال کے مطابق اندرپرستھ ایئرپورٹ اور اندرپرستھ جنکشن جیسے نام ہندوستان کی قدیم شناخت کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے اور مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ اس سے روزگار، تجارت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی صرف ایک جدید راجدھانی نہیں ہے بلکہ پانڈووں کے مقدس شہر کی زندہ وراثت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کی راجدھانی کو اس کا اصلی نام اور شناخت ملے، تاکہ آنے والی نسلیں جان سکیں کہ ہندوستان کی راجدھانی صرف اقتدار کا مرکز نہیں ہے، بلکہ مذہب، پالیسی اور انصاف کی روایت کی علامت والی سرزمین بھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔