دہلی: جامعہ نگر کے ایس ایچ او اپیندر سنگھ کو ہٹایا گیا، کسم پال نئے تھانہ انچارج

پچھلے سال پندرہ دسمبر کو جب جامعہ نگر علاقے میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے تھے، تو اوپیندر سنگھ جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او تھے۔ تشدد کے دوران جامعہ نگر پولیس پر انگلی اٹھائی گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی پولیس کمشنر ایس این سریواستو نے چارج سنبھالنے کے بعد پہلا سخت اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او (تھانہ انچارج) اپیندر سنگھ کو ہٹا دیا ہے، یہ علاقہ پچھلے سال دسمبر میں تشدد کی آگ میں جھلس گیا تھا۔ جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو دہلی پولیس ’سیکیورٹی ونگ‘ میں بھیج دیا گیا ہے۔ دہلی پولیس میں ’سیکیورٹی ونگ‘ کی پوسٹنگ کو ’ڈرائی پوسٹنگ‘ کہا جاتا ہے۔

پچھلے سال پندرہ دسمبر کو جب جامعہ نگر علاقے میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے تھے، تو اوپیندر سنگھ جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او تھے۔ تشدد کے دوران جامعہ نگر پولیس پر انگلی اٹھائی گئی تھی۔ کافی ہنگامہ ہونے کے بعد بھی اس وقت جامعہ نگر کے ایس ایچ او کو نہ تو اس وقت ہٹایا گیا تھا اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی اور محکمائی تادیبی کارروائی انجام دی گئی تھی۔


صدر دفتر دہلی پولیس کے ڈی سی پی (اسٹیبلشمنٹ) ایم آئی حیدر نے 6 مارچ بروز جمعہ ایس ایچ او کو ہٹانے کا حکم جاری کیا۔ اس آرڈر کی کاپی پولیس کے تمام اسپیشل کمشنر، جوائنٹ اور ایڈیشنل کمشنر کے علاوہ دہلی پولیس کے ترجمان کو بھی ارسال کی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر اپیندر سنگھ کی بجائے انسپکٹر کسم پال جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ہوں گے۔ کسم پال کو دہلی پولیس کے سیکیورٹی ونگ سے لاکر جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کا ایس ایچ او بنایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔