دہلی فسادات: جامعہ اسٹوڈنٹ شفاء الرحمن کی درخواست ضمانت پر سماعت، ہائی کورٹ نے استغاثہ سے جواب طلب کیا

دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طلبا ایسوسی ایشن (اے اے جے ایم آئی) کے صدر شفاء الرحمان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے استغاثہ سے جواب طلب کیا ہے

دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طلبا ایسوسی ایشن (اے اے جے ایم آئی) کے صدر شفاء الرحمان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے استغاثہ سے جواب طلب کیا ہے، جنہیں سال 2020 میں دہلی فسادات کیس میں بڑی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ رحمن کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے)، اسلحہ ایکٹ، پبلک پراپرٹی کو نقصان کی روک تھام کے قانون اور تعزیرات ہند کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

رحمٰن نے ٹرائل کورٹ میں ضمانت کی درخواست دیتے ہوئے اپنے وکیل نے توسط سے کہا کہ احتجاج کرنا کوئی جرم نہیں ہے اور ہر شخص کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق ہے۔ استغاثہ نے ٹرائل کورٹ میں رحمٰن کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فسادات کی منصوبہ بندی کی گئی، املاک کو تباہ کیا گیا اور ضروری خدمات کو متاثر کیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پٹرول بم، لاٹھیاں، پتھروں کا استعمال کیا گیا تھا۔


اس معاملے میں پنجرا توڑ کے اراکین اور جے این یو کی طالبات دیونگنا کلیتا اور نتاشا ناروال کے خلاف ایک اہم چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ معاملہ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم آصف اقبال تنہا اور طالب علم کارکن گلفشاں فاطمہ، کانگریس کونسلر عشرت جہاں، جامعہ رابطہ کمیٹی کے اراکین صفورا زرگر، میران حیدر اور شفاء الرحمان، عام آدمی پارٹی کے معطل کونسلر طاہر حسین، کارکنان خالد سیفی، شاداب احمد، تسلیم احمد ، سلیم ملک، محمد سلیم خان اور اطہر خان وغیرہ کو بھی ملزم بنایا گیا۔

جے این یو کے سابق طالب علم رہنما عمر خالد اور جے این یو کے طالب علم شرجیل امام کے خلاف سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی گئی۔ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ جسٹس مکتا گپتا اور جسٹس انیش دیال نے دلائل سننے کے بعد استغاثہ سے جواب طلب کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔