دہلی ریپ اور قتل معاملہ: متاثرہ دلت کنبہ سے ملنے پہنچے کیجریوال، اسٹیج ٹوٹا اور بغیر ملے ہی لوٹ گئے!

عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی راکھی برلا نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کے لوگ وہاں ماحول خراب کرنے کے لئے پہنچ رہے ہیں۔

اروند کیجریوال / ٹوئٹر
اروند کیجریوال / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال دہلی کینٹ میں واقع مبینہ ریپ اور قتل کے معاملہ میں متاثرہ دلت کنبہ سے ملاقات کرنے کے لئے گئے تھے لیکن جس اسٹیج پر وہ موجود تھے وہاں انتی بھیڑ جمع ہو گئی کہ وہ ٹوٹ گیا۔ اس کے بعد کیجریوال بغیر کچھ بولے واپس لوٹ آئے۔ اس حادثہ میں وزیر اعلیٰ کیجروال کو چوٹ نہیں آئی۔

اس واقعہ کے بعد بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈران میں الزام برائے الزام کا دور شروع ہو گیا ہے۔ دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے لوگ ماحول خراب کر رہے ہیں۔ وہیں عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی راکھی برلا نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کے لوگ وہاں ماحول خراب کرنے کے لئے پہنچ رہے ہیں۔


این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، آدیش گپتا بھی متاثرہ کنبے سے ملنے کے لئے پہنچے تھے۔ اہل خانہ سے ملاقات کے بعد جیسے ہی آدیش گپتا اسٹیج پر چڑھے، وہاں ان کے خلاف نعرے بازی ہونے لگی۔ اسی دوران کچھ لوگ اسٹیج پر چڑھ گئے اور ہائے ہائے کے نعرے بند کرنے کی اپیل کرنے لگے۔ ان لوگوں میں ہلکی مار پیٹ بھی ہوئی۔ پولیس نے دو لوگوں کو حراست میں لیا اور بعد میں انہیں رہا کر دیا۔

قبل ازیں، کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی متاثرہ اہل خانہ سے ملاقات کے لئے پہنچے تھے۔ راہل گاندھی نے اہل خانہ سے مل کر ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور انصاف کی راہ میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔


خیال رہے کہ دو دن قبل دہلی کینٹ علاقہ میں ایک 9 سالہ بچی کا مبینہ ریپ کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد جبراً اس کی آخری رسومات بھی ادا کر دی گئی۔ پولیس نے اس معاملہ میں آئی پی سی کی دفعہ 304، 342، 201 اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور چار ملزمان پجاری رادھے شیام، سلیم، لکشمی نارائن اور کلدیپ کو گرفتار کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔