دہلی پولیس ڈرون سے جامع مسجد اور حوض قاضی علاقے پر رکھ رہی نظر

مسلم اکثریتی علاقہ جامع مسجد اور حوض قاضی میں پولیس کی سیکورٹی پہلے سے ہی سخت ہے، لیکن جہانگیر پوری تشدد واقعہ کے بعد پولیس کے ذریعہ مزید احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ڈرون، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ڈرون، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے جہانگیر پوری میں ہوئے تشدد کے واقعات نے رمضان کے مہینے میں مسلم طبقہ کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ کئی ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ جلوس میں شامل شرپسندوں کے ذریعہ کی گئی شرپسندی نے تشدد کو ہوا دی، اس کے باوجود کئی مقامی مسلمانوں کو بلاوجہ پولیس تفتیش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک خبر کے مطابق دہلی پولیس نے ڈرون کے ذریعہ جہانگیرپوری میں گھروں کی چھتوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ اس مقصد سے لیا تاکہ پتہ چل سکے کہ پتھر کہاں کہاں جمع کیے گئے ہیں۔ اب تازہ خبر یہ ہے کہ جامع مسجد اور حوض قاضی علاقے پر بھی ڈرون سے نظر رکھی جا رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں پرانی دہلی کے علاقہ پر ڈرون سے نظر رکھے جانے کا نظارہ دکھائی دے رہا ہے۔ دہلی پولیس کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ پولیس جامع مسجد اور حوض قاضی ایریا میں سیکورٹی سرویلانس کے مقصد سے ڈرون کا استعمال کر رہی ہے۔ رمضان کے مہینے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، اس تعلق سے پولیس کا یہ قدم بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جامع مسجد اور حوض قاضی کا علاقہ بہت بھیڑ بھاڑ والا ہے اور رمضان کے مہینے میں یہاں ایک الگ ہی چکا چوندھ دکھائی دیتی ہے۔ ایسے میں شرپسند افراد ماحول بگاڑنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ حالانکہ مسلم اکثریتی اس علاقے میں پولیس کی سیکورٹی پہلے سے ہی سخت ہے، لیکن جہانگیر پوری تشدد واقعہ کے بعد پولیس کے ذریعہ مزید احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */