وی ایچ پی کی دھمکی کے بعد دہلی پولیس کا اقدام، منور فاروقی کے شو کے لئے اجازت دینے سے انکار

کامیڈین منور فاروقی کا دہلی میں 28 اگست کو ہونے والا شو اب نہیں ہوگی، وی ایچ پی کی دھمکی کے بعد دہلی پولیس کی لائسنسنگ برانچ نے پرمشن دینے سے انکار کر دیا

منور فاروقی/ تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
منور فاروقی/ تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی پولیس کی لائسنس برانچ نے اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کی دہلی میں پرفارم کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا شو 28 اگست 2022 کو دہلی کے سیوک سینٹر میں منعقد ہونے جا رہا تھا۔ قبل ازیں، سینٹرل ڈسٹرکٹ پولیس نے یونٹ کو رپورٹ دیتے ہوئے کہا تھا کہ منور کا شو علاقے کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرے گا۔

دراصل، وشو ہندو پریشد نے دہلی پولیس کو خط لکھ کر منور کے شو کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر یہ شو ہوتا ہے تو وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے ارکان اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔ یہ خط وشو ہندو پریشد کے دہلی صدر سریندر کمار گپتا نے دہلی کے پولیس کمشنر کو لکھا تھا۔


خط میں لکھا گیا ’’'منور فاروقی نامی آرٹسٹ 28 اگست کو دہلی کے سیوک سینٹر کے کیدارناتھ اسٹیڈیم میں ایک شو کا اہتمام کر رہا ہے۔ یہ شخص اپنے شو میں ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتا ہے جس کی وجہ سے حال ہی میں بھاگیہ نگر میں فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑک اٹھی تھی۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ اس شو کو فوری طور پر منسوخ کر دیں، بصورت دیگر وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنان شو کے خلاف احتجاج کریں گے۔‘‘

منور فاروقی کو 2021 میں شو کے دوران مذاق اڑانے کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک ماہ جیل میں گزارا تھا۔ تبھی سے کامیڈین کے شوز کو نظم و نسق کے لئے چیلنج قرار دیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے منور فاروقی کا بنگلور میں ہونے والا شو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اگرچہ کامیڈین نے کہا تھا کہ ایسا ان کی صحت کے مسائل کی وجہ سے ہوا لیکن بنگلور میں شو کے منسوخ ہونے کے ایک دن بعد ہی وہ حیدرآباد میں سخت سیکورٹی کے درمیان پرفارم کرتے ہوئے نظر آئے۔


منور فاروقی کا شو 20 اگست کو حیدرآباد میں منعقد ہوا تھا۔ اس سے قبل تلنگانہ کے بی جے پی لیڈر ٹی راجا نے دھمکی دی تھی کہ اگر منور کو حیدرآباد میں شو کرنے کی اجازت دی گئی تو وہ شو کے مقام کو جلا دیں گے۔ خیال رہے کہ منور فاروقی کنگنا رناوت کے ریئلٹی شو 'لاک اپ' میں نظر آئے تھے، اس شو میں منور نے کئی مشہور شخصیات کو پیچھے چھوڑ کر جیت حاصل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */