سابق وزیر اعلیٰ آتشی کو گرفتار کر کالکاجی سے 43 کلومیٹر دور پولیس اسٹیشن لے گئی دہلی پولیس، عآپ لیڈران کا شدید رد عمل

حراست میں لیے جانے سے قبل آتشی نے کہا کہ ’’بی جے پی کل ان جھگیوں کو منہدم کرنے جا رہی ہے اور مجھے آج جیل بھیجا جا رہا ہے، کیونکہ میں ان جھگی والوں کے لیے آواز اٹھا رہی ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>بابا ہری داس نگر تھانہ (جھروڑا کلاں) سابق وزیراعلیٰ دہلی آتشی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کالکاجی میں جھگیوں کو توڑنے کی مخالفت کرنے پہنچی سابق وزیر اعلیٰ آتشی کو پولیس نے حراست میں لے لیا لیا۔ اس کے بعد انہیں کالکاجی سے 43 کلومیٹر دور ’بابا ہری داس نگر تھانہ (جھروڑا کلاں)‘ میں رکھا گیا ہے۔ آتشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خود ٹویٹ کر اس کی اطلاع دی۔ اس واقعہ کے بعد عام آدمی پارٹی مسلسل بی جے پی کو ہدف تنقید بنا رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کنویز اور سابق وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے اس واقعہ کو تاناشاہی قرار دیا ہے۔

کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ٹویٹ کر کہا کہ بی جے پی حکومت پوری دہلی میں غریبوں کے آشیانے اجاڑ رہی ہے، لوگوں کو بے گھر کر رہی ہے۔ جب عام آدمی پارٹی غریبوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے اور ان کی آواز اٹھاتی ہے تو ہمارے لیڈران کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ آج اپوزیشن لیڈر آتشی کو حراست میں لیا گیا، یہ تاناشاہی ہے۔ بی جے پی چاہے تو ہم سب کو گرفتار کر لے، لیکن ہم دہلی کے لوگوں کے حق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ کیجریوال کے علاوہ راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ ’’غریب جھگی والوں کے حق میں عام آدمی پارٹی کی لڑائی جاری رہے گی۔ خواہ لاٹھی چلاؤ یا جیل بھیجو۔‘‘


حراست میں لیے جانے سے قبل دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ ’’بی جے پی کل ان جھگیوں کو منہدم کرنے جا رہی ہے اور مجھے آج جیل بھیجا جا رہا ہے، کیونکہ میں ان جھگی والوں کے لیے آواز اٹھا رہی ہوں۔ بی جے پی اور ریکھا گپتا کو جھگی والوں کی ’ہائے‘ لگے گی، بی جے پی کبھی واپس نہیں آئے گی۔‘‘ واضح ہو کہ گزشتہ کئی دنوں سے دہلی کے کئی علاقوں میں بلڈوزر کارروائی چل رہی ہے۔ پہلے مدراسی کیمپ میں کارروائی کی گئی اور اب کالکاجی میں ہونے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔