دہلی: جنتر منتر پر اب نہیں دے پائیں گے ’دھرنا‘، احتجاج کے لیے 3 متبادل مقامات مقرر
1988 میں کسان رہنما مہندر سنگھ ٹکیت کی قیادت میں کسانوں نے دہلی کے بوٹ کلب علاقے میں بڑا احتجاج کیا تھا۔ بوٹ کلب پر پابندیوں کے بعد 1993 میں جنتر منتر روڈ احتجاجی مظاہروں کا بنیادی مرکز بن گیا۔

چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کے خلاف جاری تحریک کے درمیان وزارت داخلہ نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ دہلی پولیس نے احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کے لیے مقررہ مقامات میں تبدیلی کر دی ہے۔ پولیس کمشنر انوراگ کمار کی جانب سے جاری اسٹینڈنگ آرڈر کے مطابق جنتر منتر کو احتجاجی مقام کے طور پر نوٹیفائی کی گئی فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کی جگہ پر دہلی میں 3 نئے مقامات مقرر کیے گئے ہیں، رام لیلا میدان، بُراڑی گراؤنڈ اور مشرقی دہلی کا سی بی ڈی گراؤنڈ۔
واضح رہے کہ یہ حکم وزارت داخلہ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو شہریوں کے احتجاج اور مظاہرے منعقد کرنے کے حق کے لیے موجودہ مقررہ مقام کے متبادل تلاش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اب کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر احتجاج کے لیے 3 متبادل مقامات مقرر کیے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بھی احتجاج کے لیے جگہ مقرر کرنے کو کہا تھا۔
دہلی پولیس کے حکم کے پہلے پیراگراف میں بتایا گیا ہے ہے ہندوستانی حکومت کی وزارت داخلہ نے شہریوں کے احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کے لیے متبادل مقامات کی نشاندہی کرنے کے مقصد سے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کو موجودہ مقررہ مقام کے متبادل کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، تاکہ شہریوں کو مظاہرہ منعقد کرنے کے لیے دوسرے مقامات فراہم کرائے جا سکیں۔ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر اب جنتر منتر کو احتجاجی مقام کے طور پر نوٹیفائی کی فہرست سے ہٹانے اور 3 نئے مقامات مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکم میں اسے کمیٹی کی سفارشات پر مبنی فیصلہ قرار دیا گیا ہے۔
اب کہاں کہاں کر سکیں گے مظاہرہ؟
رام لیلا میدان: دہلی کے اہم عوامی میدانوں میں شامل رام لیلا میدان کو احتجاج کے لیے نئے مقررہ مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔ یہاں دھرنا، احتجاجی مظاہرے یا دیگر عوامی پروگرام منعقد کرنے کا طریقۂ کار الگ سے جاری ہونے والے ایس او پی کے تحت واضح کیا جائے گا۔
بُراڑی گراؤنڈ: اس کو بھی احتجاج کے لیے مقررہ نئے مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔ یہاں مظاہرہ منعقد کرنے لیے نافذ ہونے والی شرائط، اجازت لینے کے طریقۂ کار اور دیگر انتظامات کی تفصیلات الگ رہنما ہدایات میں جاری کیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔
سی بی ڈی گراؤنڈ، مشرقی دہلی: مشرقی دہلی واقع سی بی ڈی گراؤنڈ کو تیسرے متبادل احتجاجی مقام کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے مظاہرے منعقد کرنے کے لیے راجدھانی میں ایک اور مقررہ مقام فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جنتر منتر 1993 میں دہلی میں دھرنا اور احتجاج کے مقررہ مقام کے طور پر سامنے آیا تھا۔ دراصل 1988 میں کسان رہنما مہندر سنگھ ٹکیت کی قیادت میں کسانوں نے دہلی کے بوٹ کلب علاقے میں بڑا احتجاج کیا تھا۔ اس کے بعد وہاں مظاہروں پر پابندیاں سخت کر دی گئی تھیں۔ بوٹ کلب پر پابندیوں کے بعد 1993 میں جنتر منتر روڈ احتجاجی مظاہروں کا بنیادی مرکز بن گیا۔ حالانکہ اس کی شروعات کسی باضابطہ سرکاری اعلان کے بجائے انتظامی انتظامات کے تحت ہوئی تھی۔
