پورے دن سرخیوں میں رہے راہل-پرینکا، جنتر منتر نہیں پہنچ سکے تو راستے میں کیا مظاہرہ، حراست میں بھی لیے گئے، دیکھیں تصاویر
کانگریس صدر کھڑگے کی دعوت میں انڈیا بلاک نے فیصلہ کیا کہ جنتر منتر پر گیانیش کمار کے خلاف آج مظاہرہ کیا جائے گا، لیکن سخت سیکورٹی کی وجہ سے اپوزیشن لیڈران وہاں نہیں پہنچ پائے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج انڈیا بلاک کے اراکین پارلیمنٹ کو ظہرانہ کی دعوت دی تھی، جس میں انڈیا بلاک نے فیصلہ کیا کہ جنتر منتر پر گیانیش کمار کے خلاف آج مظاہرہ کیا جائے گا۔ اچانک لیے گئے اس فیصلہ کے بعد سبھی اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ بس سے جنتر منتر کی طرف بڑھ رہے تھے، لیکن سخت سیکورٹی کے درمیان وہ متعلقہ جگہ تک پہنچ نہیں پائے۔ جب دہلی پولیس نے انھیں درمیان راستہ میں روک دیا تو راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت انڈیا بلاک کے اراکین پارلیمنٹ سڑک پر اتر کر مظاہرہ کرنے لگے۔ پرینکا گاندھی اور کئی خاتون لیڈران تو سڑک پر ہی لیٹ گئیں اور کہا کہ جب تک جنتر منتر جانے کی اجازت نہیں ملے گی، وہ نہیں اٹھیں گی۔ راہل اور پرینکا کے عزائم سے دہلی پولیس گھبرا گئی اور دونوں کو جبراً حراست میں لے کر الگ الگ بسوں میں بٹھا دیا۔ ان کے ساتھ ساتھ کئی دیگر اراکین پارلیمنٹ کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ رات میں انھیں حراست سے آزاد تو کر دیا گیا، لیکن سرکردہ لیڈران نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مظاہرہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ تک جاری رہے گا۔ ذیل میں دیکھیں آج دن بھر کی سرگرمیاں تصویروں کی نظر سے۔






















