دہلی-این سی آر میں دیکھنے کو ملے گا ’ٹھنڈ کا ڈبل اٹیک‘، تیز ہواؤں کے ساتھ اب بارش کا بھی الرٹ

کہرا اور سرد لہر کا اثر ٹرینوں اور ہوائی پروازوں پر بھی دکھائی دے رہا ہے۔ ریلوے کے مطابق 95 ٹرینیں کہرے کی وجہ سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔

سردی، تصویر یو این آئی
سردی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی-این سی آر میں اس وقت ٹھنڈ نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ کہرا اور سرد لہر کی وجہ سے لوگ بہت ضروری کام سے ہی گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔ کئی اسکولوں میں بچوں کی چھٹی اب بھی جاری ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دہلی-این سی آر میں ٹھنڈ کا ڈبل اٹیک ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرد لہر کے ساتھ ساتھ اب بارش کے آثار بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ یعنی آنے والے دن مزید ٹھٹھرن والے ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ ہریانہ اور اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے اور آئندہ دو دنوں میں راجدھانی دہلی میں بھی بارش کے آثار نمایاں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرنال، پانی پت، دیوبند، نظیر آباد، شاملی، مظفر نگر، کندھالا، بجنور، کھتولی، سکوتی ٹانڈا، ہستناپور، چاندپور، دورالا، میرٹھ میں ہلکی بارش کا اندازہ ہے۔ علاوہ ازیں مغربی تلاطم کی وجہ سے دہلی میں بھی سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔ یعنی کچھ علاقوں میں ہونے والی بارش ٹھٹھرن کو مزید بڑھانے کا کام کر سکتی ہے۔


اس وقت راجدھانی دہلی، اتر پردیش اور بہار سمیت شمالی ہند کے کئی علاقے شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ویسے اس وقت ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، بہار، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور آندھرا پردیش میں کم از کم درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کا اضافہ ہوا ہے، جس سے کئی مقامات پر سرد لہر کی حالت میں کمی آئی ہے، لیکن آنے والے دنوں میں موسم پھر کروٹ لیتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔

کہرا اور سرد لہر کا اثر ٹرینوں اور ہوائی پروازوں پر بھی دکھائی دے رہا ہے۔ ریلوے کے مطابق 95 ٹرینیں کہرے کی وجہ سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ اسی طرح ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی فلائٹ سے متعلق لگاتار ایئرلائنز سے جانکاری لیتے رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔