دہلی ۔این سی آر میں آلودگی کے ساتھ سردی کا بھی ستم، ہوا کا معیار انتہائی خراب،330 ہوگیا اے کیو آئی

فضائی آلودگی کا براہ راست اثرلوگوں کی صحت پرپڑ رہا ہے۔ دمہ کے مریضوں اور بزرگوں کو سانس لینے میں دشواری ہورہی ہے۔ آنکھوں میں جلن، انفیکشن، گلے میں خراش، کھانسی اور درد کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی علاقے میں ہوا کا معیار ہفتے کے روز بھی انتہائی آلودہ رہا ہے جس کی وجہ سے24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی 330 ریکارڈ کیا گیا جو’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تمام دعوؤں کے باوجود دہلی۔این سی آر گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زہریلی ہوا سے آزاد نہیں ہو سکے ہیں۔ اس صورتحال میں سب سے زیادہ پریشانی دمہ کے مریضوں اور بزرگوں کو ہورہی ہے۔

سی پی سی بی کے’سمیر‘ ایپ کے مطابق قومی راجدھانی ہفتہ کو بھی فضائی آلودگی میں گرفتاررہی۔ 40 میں سے 31 مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر اے کیو آئی ’انتہائی خراب‘ زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران نہرو نگر میں اے کیوآئی 369 اورمنڈکا میں 387 رہا۔ ہفتہ کی صبح 9 بجے تک اوسط اے کیو آئی 335 درج کیا گیا تھا اور زیادہ تر اسٹیشنوں پر300 سے اوپر کی سطح برقرار رہی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار کی صبح ہلکی دھند پڑنے کی پیش گوئی کی تھی جس میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔


ایئر کوالٹی ارلی وارننگ سسٹم نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 3 سے 4 دنوں تک اے کیو آئی موجودہ سطح کے آس پاس رہے گا۔ دہلی میں اکتوبر سےآلودگی مسلسل خراب، انتہائی خراب اور سنگین زمروں میں رہی ہے۔ 14 اکتوبر کے بعد ایک بھی دن ایسا نہیں گزرا جب اے کیو آئی 200 سے نیچے آیا ہو۔ موسمی عوامل کی وجہ سے آلودگی ذرات فضا میں پھیلے ہوئے ہیں جب کہ آلودگی ذرائع توقعات کے مطابق قابو نہیں ہوپا رہے ہیں۔ ہفتہ کی شام دہلی-این سی آر کی ہوا میں پی ایم 10 کی سطح 275.7 اور پی ایم 2.5 کی سطح 157.4 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تھی جو معیار سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔

اس دوران قومی راجدھانی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کا براہ راست لوگوں کی صحت پر اثر پڑ رہا ہے۔ دمہ کے مریضوں اور بزرگوں کو سانس لینے میں دشواری ہورہی ہے۔ آنکھوں میں جلن، انفیکشن، گلے میں خراش، کھانسی اور درد کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے۔ پھیپھڑے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور لوگ تھکاوٹ، اضطراب اور سر درد جیسی بڑھتی ہوئی علامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہیں حکومتی اداروں کا کہنا ہے کہ صرف بارش یا تیز ہوائیں آلودگی کو کم کر سکتی ہیں لیکن فی الحال ایسی موسمی سرگرمی کے امکانات کم ہیں۔ نتیجتاً اگلے تین چار دنوں تک ریلیف کی توقع نہیں ہے۔


دہلی۔ این سی آر میں آلودگی کے ساتھ ہی لوگوں کو شدید سردی کا بھی سامنا ہے۔ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور میدانی علاقوں میں اس کے اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران 10 سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے شہر میں سردی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ فی الحال کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری پر برقرار ہے وہیں محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے لیے سردی کی لہر کا الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔