دہلی: ایک دن میں 8 ہزار سے زیادہ کورونا کیسز، ماکن کا فوری لاک ڈاؤن کے نفاذ کا مطالبہ

قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس سے ہونے والے انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں پر کانگریس کے رہنما اجے ماکن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہلی میں فوری طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس سے ہونے والے انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں پر کانگریس کے رہنما اجے ماکن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز کورونا انفیکشن کے 8593 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دہلی میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ اجے ماکن نے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے اپیل کی ہے کہ دہلی میں فوری طور پر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے۔

اجے ماکن نے ٹویٹ کرکے کہا اروند کیجریوال سے فوری طور پر دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ’’دہلی میں ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 8593 کیسز سامنے آئے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ ہم دیوالی نہ منائیں تاکہ ہزاروں (یا لاکھ سے زیادہ) لوگوں کی یہ آخری دیوالی ثابت نہ ہو۔ برائے مہربانی، یہ ایک ہنگامی صورتحال ہے۔‘‘


خیال رہے کہ دہلی میں ایک دن میں کورونا انفیکشن کے 8593 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یہ اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 85 افراد کی موت کی اطلاع ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 459975 ہوگئی ہے۔ وہیں، اس وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7228 ہو گئی ہے۔

دہلی میں محکمہ صحت کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ 1 سے 9 نومبر تک کورونا سے 581 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وہیں، 1 سے 31 اکتوبر تک دہلی میں کورونا کی وجہ سے 1124 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اکتوبر کے مقابلے میں ستمبر میں کم اموات ریکارڈ کی گئیں۔ 1 سے 30 ستمبر تک کورونا سے دہلی میں 917 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */