دہلی: کورونا کی زد میں محلہ کلینک کا ڈاکٹر، موج پور کے 800 لوگ ہوں گے کوارنٹائن

بتایا جا رہا ہے کہ ایک خاتون سعودی عرب سے لوٹی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر وہ محلہ کلینک علاج کرانے گئی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس خاتون سے ہی محلہ کلینک کے ڈاکٹر تک کورونا وائرس کی رسائی ہوئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے موج پور علاقے میں رہنے والے ایک ڈاکٹر میں کورونا وائرس کا انفیکشن پایا گیا ہے۔ اس خبر کے پھیلنے کے بعد علاقے میں ایک دہشت کا عالم ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر موہن پوری علاقے میں محلہ کلینک میں کام کر رہا تھا اور یہیں وہ ایک مریض کا علاج کرتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہو گیا۔ اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ جس علاقے میں یہ محلہ کلینک ہے، وہاں کے تقریباً 800 لوگوں کو کوارنٹائن کیا جائے گا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک خاتون سعودی عرب سے لوٹی تھی اور طبیعت خراب ہونے کے بعد وہ موج پور واقع محلہ کلینک علاج کرانے گئی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس خاتون سے ہی محلہ کلینک کے ڈاکٹر تک کورونا وائرس کی رسائی ہوئی۔ ایسا اس لیے کہا جا رہا ہے کیونکہ خاتون کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ 25 مارچ کو موج پور کے موہن پوری واقع محلہ کلینک میں ایک کورونا پازیٹو مریض سامنے آنے کے بعد شاہدرہ کے ایس ڈی ایم نے اعلان کیا تھا کہ جو لوگ بھی 12 مارچ سے 18 مارچ کے درمیان موج پور واقع محلہ کلینک میں گئے ہیں، وہ خود کو 15 دنوں کے لیے گھروں میں کوارنٹائن کر لیں یعنی سب سے علیحدہ رہیں۔ ساتھ ہی کسی بھی طرح کی پریشانی بڑھنے پر فوری اسپتال جانے کی ہدایت بھی ایس ڈی ایم نے دی ہے۔


میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق محلہ کلینک کے ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ ان کی بیوی اور بیٹی بھی اس وائرس کی زد میں آ گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان پازیٹو مریضوں کے رابطے میں آئے سبھی لوگوں اور موہن پوری محلہ کلینک میں جانے والے سبھی لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ خود کو کوارنٹائن کر لیں تاکہ اگر وہ کورونا وائرس کی زد میں ہیں تو یہ مزید دوسروں تک نہ پھیلنے پائے۔

واضح رہے کہ دہلی حکومت یہاں کے کئی علاقوں میں محلہ کلینک چلاتی ہے جہاں مقامی لوگوں کو ابتدائی علاج کرانے میں آسانی ہوتی ہے۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر کورونا پازیٹو پانچ مریض ملے ہیں جس کے بعد یہاں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 35 ہو گئی ہے۔ ان میں سے ایک کورونا پازیٹو مریض غیر ملکی شہری ہے۔ یہ جانکاری دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے میڈیا سے بات چیت کے دوران دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */