لاک ڈاؤن: پوری طرح بند نہیں دہلی میٹرو، خاص لوگوں کے لیے جاری ہے مفت سروس

کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں پولس بہت اہم کردار نبھا رہی ہے اور ان پولس جوانوں کے لیے ہی دہلی میٹرو نے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہونے کے بعد دہلی میٹرو نے بھی اپنی خدمات فوری اثر سے بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ لیکن ایسا نہیں ہے کہ میٹرو کی خدمات پوری طرح سے بند ہیں، بلکہ کچھ خاص لوگوں کے لیے دہلی میٹرو پانچوں لائنوں پر اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ خدمات دہلی میٹرو مفت میں مہیا کر رہی ہے۔

دراصل کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں پولس بہت اہم کردار نبھا رہی ہے اور ان پولس جوانوں کے لیے ہی دہلی میٹرو نے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان سے ٹکٹ کا کوئی پیسہ بھی نہیں لیا جاتا اور پانچوں لائنوں پر ان کے لیے میٹرو چل رہی ہے۔

'نو بھارت ٹائمز' میں شائع خبر کے مطابق پولس اہلکاروں کی سہولت کے لیے کل 14 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں جن میں ریڈ، یلو اور گرین لائن پر 2-2، وائلٹ لائن پر 3 اور بلو لائن پر 5 ٹرینیں چل رہی ہیں۔ این سی آر میں بڑی تعداد میں پولس اہلکار رہائش پذیر ہیں، اس لیے ان لائنوں پر خصوصی طور سے ٹرینوں کو چلایا گیا ہے۔ ان ٹرینوں کو چلانے کے لیے ایک ٹائم ٹیبل بھی تیار کیا گیا ہے اور اس کو تیار کرنے میں پولس اہلکاروں کی ڈیوٹی ٹائمنگ کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ میٹرو صبح 7.15 سے 9.15 اور شام کو بھی اسی وقت پر چلیں گی۔ اس کے ساتھ ہی بلو لائن پر دوارکا سیکٹر 21 سے میٹرو نوئیڈا الیکٹرانک سٹی تک جائے گی، اور نوئیڈا سے چلنے والی میٹرو بھی دوارکا تک جائے گی۔ حالانکہ ویشالی تک چلنے والی ٹرین یمنا بینک تک ہی چلے گی اور وہاں سے ٹرین بدل کر دوارکا جانا پڑے گا۔ کیرتی نگر اور بہادر گڑھ کے درمیان سیدھی ٹرین ملے گی لیکن منڈکا سے اندرلوک کے درمیان ٹرین بدلنی پڑے گی۔


اس طرح دیکھا جائے تو پہلے کے مقابلے میں ٹرینیں کافی کم کر دی گئی ہیں اور وقت بھی طے کر دیا گیا ہے اور اس کی وجہ یہی ہے کہ پولس اہلکاروں کی ڈیوٹی کا خیال رکھتے ہوئے ہی انھیں یہ خدمات دی جا رہی ہیں۔ 'نوبھارت ٹائمز' میں شائع رپورٹ کے مطابق میٹرو چلائے جانے سے متعلق ٹائم ٹیبل سبھی پولس اہلکاروں کو دے دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے شیڈول کا خیال رکھ سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرو پولس ڈی سی پی کی طرف سے اس سلسلے میں سبھی پولس اہلکاروں کو 24 اور 25 مارچ کو ہی جانکاری دے دی گئی تھی۔ سبھی پولس اہلکاروں کو یہ مفت خدمات 14 اپریل تک دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں لاک ڈاؤن کے لیے بھی 14 اپریل تک کی تاریخ ہی پی ایم مودی نے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */