دہلی: مسلسل دوسرے دن بلیو لائن میٹرو سروس میں آئی رکاوٹ، ہزاروں لوگ پریشان

دہلی میٹرو کی بلیو لائن سروس میں آئی خرابی کے سبب مسافروں کو مسلسل دوسرے دن آج پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، آج بلیو لائن میٹرو آہستہ آہستہ چل رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں 6 دسمبر یعنی آج بلیو لائن میٹرو سروس میں دوبارہ روکاوٹ آئی ہے، مسلسل دوسرے دن بلیو لائن میٹرو میں آئی خرابی کے سبب ہزاروں لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہیں دفتروں کو جانے والے ملازمین اور اسکولوں کے لئے جانے والے طلبا کو کافی پریشانی ہو رہی ہے، خبروں کے مطابق بلیو لائن میٹرو 40 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہے۔

اس سے پہلے 5 دسمبر یعنی بدھ کو بھی سگنل میں آئی تکنیکی خرابی کی وجہ سے بلیو لائن میٹرو نے دوارکا سے نوئیڈا کے درمیان دن بھر مسافروں کو خوب رلایا، گزشتہ روز دوپہر 12 بجے کے قریب تکنیکی خرابی کی وجہ سے بلیو لائن میٹرو رکنی شروع ہوئی تھی، ڈی ایم آر سی کے مطابق بدھ کو بلیو لائن پر سگنل نظام میں کچھ تکنیکی دقت آئی تھی، دوپہر کے وقت یہ دقت قرول باغ سے لے کر دوارکا کے درمیان صرف ایک لائن پر آئی تھی، جس کے سبب بلیو لائن میٹرو سروس متاثر رہی۔ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کچھ ہی دیر میں ایک کے بعد ایک میٹرو رکتی چلی گئی۔ اس تکنیکی خرابی کی وجہ سے بلیو لائن میٹرو 15-15 منٹ تک اسٹیشنوں پر رکی رہی۔

بلیو لائن میٹرو پر آئی تکنیکی خرابی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سوشل میڈیا پر لوگ اپنے غصے کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

بتا دیں کہ دہلی میٹرو میں روز تقریباً 26 سے 27 لاکھ لوگ سفر کرتے ہیں اور روز بروز مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں اگر میٹرو میں کوئی تکنیکی خرابی آتی ہے تو مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Dec 2018, 2:09 PM