دہلی میٹرو: پِنک لائن شیو وہار سے ترلوک پوری سنجے لیک سیکشن کا افتتاح

تقریباً 18 کلومیٹر طویل اس حصے پر سروس شروع ہونے کے ساتھ ہی دہلی میٹرو نیٹ ورک تقریباً 314 کلو میٹر طویل ہو گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی شہری ترقیات اور ہاؤسنگ کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بدھ کو دہلی میٹرو پنک لائن کو شیو وہار سے ترلوک پوری سنجے جھیل میٹرو اسٹیشن تک کے حصے کا افتتاح کیا۔

مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے میٹرو بھون میں ریموٹ کے ذریعہ اس سیکشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر دہلی میٹرو کے منیجنگ ڈائرکٹر منگو سنگھ اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اس سیکشن پر آج دو بجے سے مسافروں کے لئے میٹرو سروس شروع ہو جائے گی۔ تقریباً 18 کلومیٹر طویل اس حصے پر سروس شروع ہونے کے ساتھ ہی دہلی میٹرو نیٹ ورک تقریباً 314 کلو میٹر طویل ہو گیا۔ کل میٹرو اسٹیشنوں کی تعداد بھی بڑھ کر 229 ہو جائے گی۔

میٹرو ریلوے سیفٹی کمشنر نے گزشتہ 24 اکتوبر کو اس حصے پر میٹرو سروس کے آغاز کے لئے سیکورٹی منظوری دی تھی۔ پنک لائن کی کل لمبائی 59 کلومیٹر کے قریب ہے، اس پر اب تک مجلس پارک سے لاجپت نگر تک میٹرو چل رہی ہے۔

پنک لائن کے 17.86 کلومیٹر طویل اس سیکشن پر 15 ایلی ویٹیڈ اسٹیشن ہیں جن کے نام -ترلوک پوری سنجے لیک، میور وہار فیز-2، ایسٹ ونود نگر، منڈاؤلی، ویسٹ ونود نگر، آئی پی ایکسٹینشن، آنند وہار آئی ایس بی ٹی، کڑکڑڈوما کورٹ، کرشنا نگر، ایسٹ آزاد نگر، ویلکم، جعفرآباد، موج پور، بابرپور، گوکل پوری، جوہری انکلیو اور شیو وہار ہیں۔

اس سیکشن پر تین انٹرچینج اسٹیشن- آنند وہار، کڑکڑڈوما اور ویلکم ہوں گے۔ دہلی میٹرو نے تیسرے مرحلے کے تحت اب تک 106 کلومیٹر لمبی لائن شروع کی ہے جبکہ 34 کلو میٹر لمبی لائنوں کو صرف کھولا جانا باقی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */