دہلی ’ایم سی ڈی‘ انتخابات: شام 5.30 بجے تک 50 فیصد ووٹنگ، ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کے الزامات پر کمیشن نے دی وضاحت

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

04 Dec 2022, 7:50 PM

ووٹنگ ختم، ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کے الزامات پر کمیشن نے دی وضاحت

دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے ووٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5.30 بجے تک جاری رہی۔ لوگ بڑی تعداد میں پولنگ بوتھ پر پہنچے۔ شام 4 بجے تک 45 فیصد سے زیادہ پولنگ ہو چکی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ووٹر لسٹ سے دہلی کانگریس کے انل چودھری سمیت کئی لوگوں کے نام غائب ہونے پر دہلی الیکشن کمیشن نے وضاحت دی ہے اور اس معاملے کو مرکزی الیکشن کمیشن کے پاس اٹھانے کو کہا ہے۔

04 Dec 2022, 4:50 PM

دہلی ایم سی ڈی انتخابات میں شام 4 بجے تک 45 فیصد پولنگ ریکارڈ

دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے تحت شام 4 بجے تک تقریباً 45 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔

04 Dec 2022, 2:56 PM

دہلی ’ایم سی ڈی‘ انتخابات میں دوپہر 2 بجے تک 30 فیصد پولنگ ریکارڈ

ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی ایم سی ڈی انتخابات میں دوپہر 2 بجے تک 30 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔


04 Dec 2022, 12:35 PM

دہلی ایم سی ڈی انتخابات میں دوپہر 12 بجے تک 18 فیصد پولنگ ریکارڈ

دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں دوپہر 12 بجے تک 18 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ انتخابات کے لیے ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جوکہ شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی۔

04 Dec 2022, 12:12 PM

دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کیجریوال سمیت کئی سیاسی لیڈروں نے ڈالا ووٹ

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی پرویش ورما، کانگریس کے سینئر لیڈر اجے ماکن، سابق مرکزی وزیر ہرش وردھن اور سابق ایم ایل اے الکا لامبا سب سے پہلے ووٹ ڈالنے والے لیڈروں میں شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر ورما نے یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی زبردست اکثریت سے جیتے گی۔


04 Dec 2022, 11:27 AM

پولنگ کے لئے بڑی تعداد میں مراکز پر پہنچ رہے ووٹرز...تصویری جھلکیاں

دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے تحت پولنگ جاری ہے اور بڑی تعداد میں ووٹرز مراکز پر پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ پولنگ مرکز پر پہنچ کر اپنی ووٹ ڈال دی ہے۔

04 Dec 2022, 9:19 AM

دہلی میں ووٹنگ کے پیش نظر بازار بند، تاجروں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل

کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے آئی ٹی) نے دہلی کے تمام تاجروں سے دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں خاندان کے تمام ووٹروں کے ساتھ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ پولنگ کے پیش نظر دہلی کے تمام بازار اتوار کو بند رہیں گے۔

سی اے آئی ٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے ایک بیان میں کہا، "پہلے کی طرح، پولنگ کے دن، 4 دسمبر کو، دہلی کے تمام بازار اور کاروباری ادارے، کارخانے، چھوٹی صنعتیں وغیرہ مکمل طور پر بند رہیں گی تاکہ تاجران، ان کے ملازمین، صارفین اور کاروبار سے وابستہ دیگر افراد بغیر کسی رکاوٹ کے ووٹنگ میں حصہ لے سکیں۔


04 Dec 2022, 8:49 AM

عوام یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے ووٹ ڈالے کہ شہر کو صاف رکھنا ایم سی ڈی کا اہم فریضہ ہے: منیش سسودیا

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ 1.5 کروڑ لوگ کارپوریشن کے لیے اپنی حکومت کا انتخاب کریں گے۔ ایم سی ڈی کا کام دہلی کا کچرا صاف کرنا، تاجروں کو ایماندارانہ لائسنس دینا، سڑکیں بنوانا، پارکوں کی صفائی کرنا ہے۔ آپ اپنا ووٹ یہ بات ذہن میں رکھ کر ڈالیں کہ ایم سی ڈی کی اولین ترجیح شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 15 برسوں سے کچھ نہیں کیا۔

04 Dec 2022, 8:41 AM

کانگریس لیڈر اجے ماکن نے راجوری گارڈن میں ڈالا ووٹ

دہلی ایم سی ڈی کے انتخابات کے لئے صبح 8 بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ کانگریس لیڈر اجے ماکن نے راجوری گارڈن میں حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ کے بعد اجے ماکن نے کہا، ’’یہ الیکشن گلیوں، کچرے، نالوں اور صفائی کا الیکشن ہے۔ عوام کو اس امیدوار کے حق میں ووت ڈالنی چاہئے جو الیکشن کے بعد بھی ان کی مدد کے لئے تیار رہے اور میرے خیال میں کانگریس پارٹی کے امیدوار بہترین ہیں۔‘‘


04 Dec 2022, 8:29 AM

صبح 8 بجے سے ووٹنگ شروع، پولنگ مراکز کے باہر لگیں قطاریں

دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس کے لیے آج صبح 8 بجے سے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ شدید سردی کے باوجود صبح سے ہی ووٹ ڈالنے کے لیے لوگوں میں جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ پولنگ مراکز پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ شہری انتخابات میں 250 وارڈوں کے لیے کل 1349 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات کے نتائج 7 دسمبر کو آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔