دہلی ایم سی ڈی الیکشن: دہلی میں ’منی حکومت‘ بنانے کے لئے ووٹنگ جاری، ووٹروں میں جوش و خروش

پولنگ شام 5.30 بجے تک جاری رہے گی اور نتائج 7 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے۔ اس بار بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔ ایم سی ڈی انتخابات میں 1349 امیدوار میدان میں ہیں۱ع

تصویر بشکریہ اے این آئی
تصویر بشکریہ اے این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں ایم سی ڈی انتخابات کے لیے تمام 250 وارڈوں کے لیے صبح 8 بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ شدید سردی کے باوجود صبح سے ہی ووٹ ڈالنے کے لیے لوگوں میں جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ پولنگ مراکز پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

پولنگ شام 5.30 بجے تک جاری رہے گی اور نتائج 7 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے۔ اس بار بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔ ایم سی ڈی انتخابات میں 1349 امیدوار میدان میں ہیں۔

کانگریس لیڈر اجے ماکن نے راجوری گارڈن میں حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ کے بعد اجے ماکن نے کہا، ’’یہ الیکشن گلیوں، کچرے، نالوں اور صفائی کا الیکشن ہے۔ عوام کو اس امیدوار کے حق میں ووت ڈالنی چاہئے جو الیکشن کے بعد بھی ان کی مدد کے لئے تیار رہے اور میرے خیال میں کانگریس پارٹی کے امیدوار بہترین ہیں۔‘‘ اجے ماکن کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجیو جھا نے براڑی، جبکہ کپل مشرا نے یمنا وہار میں اپنا ووٹ ڈالا۔


قبل ازیں، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کر کے دہلی کے لوگوں سے میونسپل کارپوریشن میں ایماندار اور کام کرنے والی حکومت کے قیام کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج دہلی کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے اور میونسپل کارپوریشن میں بدعنوانی سے پاک حکومت قائم کرنے کے لئے ووٹنگ ہو رہی ہے۔

دریں اثنا، دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ 1.5 کروڑ لوگ کارپوریشن کے لیے اپنی حکومت کا انتخاب کریں گے۔ ایم سی ڈی کا کام دہلی کا کچرا صاف کرنا، تاجروں کو ایماندارانہ لائسنس دینا، سڑکیں بنوانا، پارکوں کی صفائی کرنا ہے۔ آپ اپنا ووٹ یہ بات ذہن میں رکھ کر ڈالیں کہ ایم سی ڈی کی اولین ترجیح شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 15 برسوں سے کچھ نہیں کیا۔


خیال رہے کہ ایم سی ڈی کا قیام 1958 میں کیا گیا تھا۔ سال 2012 میں اس وقت کی وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کے دور میں اسے تین حصوں، شمالی، جنوبی اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن میں تقسیم کیا گیا تھا، تاہم اس سال یہ تینوں پھر سے متحد ہو گئے ہیں۔ ایم سی ڈی میں بی جے پی 15 سال سے اقتدار میں ہے۔

ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی میں ووٹروں کی کل تعداد 1,45,05,322 ہے، جن میں 78,93,403 مرد، 66,10,858 خواتین اور 1,061 خواجہ سرا شامل ہیں۔ دہلی میں 100 سال سے زیادہ عمر کے 229 ووٹر ہیں۔ جبکہ 80 سے 100 سال کے درمیان ووٹرز کی تعداد 2,04,301 ہے۔ پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے والے نوجوانوں کی تعداد 95,458 ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن دنیا کے سب سے بڑے بلدیہ اداروں میں سے ایک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */