دہلی: جوتا فیکٹری میں زبردست آتشزدگی، کئی مزدور گھنٹوں سے اندر پھنسے!

دمکل ڈیپارٹمنٹ سے ملی جانکاری کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے جوتا فیکٹری میں زبردست آگ لگی، جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آگ کی وجہ سے قریب میں موجود دوسری فیکٹریاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے اُدیوگ نگر میں صبح ایک جوتا فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی۔ اس پر قابو پانے کے لیے دمکل ڈیپارٹمنٹ کی 33 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں، لیکن فی الحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ فیکٹری میں آگ لگنے سے آس پاس موجود فیکٹریوں پر بھی اس کا اثر ہوا ہے اور آگ دھیرے دھیرے پھیلتی ہی جا رہی ہے۔ دمکل اہلکاروں کے لیے آگ بجھانا ایک چیلنج ثابت ہو رہا ہے کیونکہ آگ آس پاس پھیلنے کی رفتار تیز ہے۔ ابھی تک کسی کے ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے لیکن فیکٹری میں 5 سے 6 مزدوروں کے پھنسے ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کا بھی اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

دمکل ڈیپارٹمنٹ سے ملی جانکاری کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی، اور خبر ملتے ہی جائے وقوع پر دمکل ڈیپارٹمنٹ کی 33 گاڑیاں پہنچ گئیں۔ جس فیکٹری میں آگ لگی ہے، اس کے آس پاس موجود فیکٹریوں تک آگ پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ فیکٹری میں پانچ سے چھ مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی ہے جنھیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔


آتشزدگی والے مقام پر رہائش پذیر لوگوں میں ایک دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جو مزدور فیکٹری میں پھنسے ہوئے ہیں، ان کے اہل خانہ بھی لگاتار جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں اور چاروں طرف چیخ پکار والا ماحول پیدا ہو چکا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ سے چاروں طرف سیاہ دھواں بھی چھایا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */