دہلی: وزیر آباد پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں شدید آتشزدگی، 345 گاڑیاں جل کر خاک

فائر کنٹرول روم کو 4:30 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ موقع پر الگ الگ فائر اسٹیشن سے آگ بجھانے والی سات گاڑیاں پہنچیں اور 2 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>آگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

آگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

راجدھانی دہلی میں گرمی کی شدت جیسے جیسے بڑھ رہی ہے اسی طرح جگہ جگہ آگ لگنے کے واقعات بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ نہرو پلیس واقع ٹریفک پولیس کی پٹ کے بعد اب دہلی پولیس کے وزیر آباد ٹریننگ سینٹر میں بنے مال خانے میں اتوار کی صبح شدید آگ لگ گئی۔

آگ اتنی شدید تھی کہ اس میں سینکڑوں گاڑیاں جل کر خاک ہو گئیں۔ فائر کنٹرول روم کو 4:30 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ موقع پر الگ الگ فائر اسٹیشن سے آگ بجھانے والی سات گاڑیاں پہنچیں اور 2 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔


فائر ڈائرکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ آگ بجھانے کے بعد پھر اہلکاروں کی ٹیم نے لگاتار کولنگ کا کام کیا جس سے کہ دوبارہ آگ نہ بھڑک سکے۔ اسٹیشن آفیسر منوج تیاگی کی ٹیم نے آگ کو صبح ساڑھے چھ بجے کے آس پاس بجھایا۔ پوری طرح سے کولنگ کرنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع سے واپس ہوئیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آگ کی لپیٹ میں آنے سے 345 گاڑیاں جل کر خاک ہو گئیں جن میں سے 260 اسکوٹی اور باقی 85 کار شامل ہیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس حادثے میں کسی کے جان جانے یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔


واضح رہے کہ دو دن پہلے نہرو پلیس واقع ٹریفک پولیس کی پٹ میں بھی آگ لگ گئی تھی۔ اس میں 200 سے زیادہ گاڑیاں جل کر خاک ہو گئی تھیں۔ وہیں کچھ دنوں پہلے غازی آباد کے صاحب آباد میں بھی آگ لگنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ یہاں ورندا ون گارڈن کے پاس گودام میں کھڑے ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی تھی، جس میں دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کھڑے 6 ٹرک جل کر خاک ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔