دہلی: روہنی کی جھگیوں میں بھیانک آتشزدگی، دو سالہ بچی سمیت خاندان کے 3 لوگوں کی موت

جائے وقوعہ پر پلاسٹک کا اسکریپ ذخیرہ کیا گیا تھا اور جھگیوں کے درمیان تنگ گلیوں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی بڑی گاڑیاں موقع تک نہیں پہنچ سکیں۔ جس سے امدادی کارروائیوں میں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو ویڈیو گریپ</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی دہلی کے روہنی علاقے کی جھگیوں میں بدھ کی علی الصبح زبردست آگ لگ گئی، جس میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں میاں بیوی اور ان کی دو سالہ بیٹی شامل ہے۔ واردات سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ محکمہ فائر کے مطابق بدھ وہار علاقے میں صبح تقریباً 1:25 بجے آگ لگی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں جائے حادثہ پر کے لیے روانہ کی گئیں۔ کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا لیکن تب تک تینوں کی موت ہوچکی تھی۔

افسران کے مطابق جس پلاٹ میں آگ لگی وہ تقریباً 400 مربع گز پر مشتمل تھا، جہاں پلاسٹک کا اسکریپ ذخیرہ کیا گیا تھا اور آس پاس جھگیاں بنی تھیں۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی بڑی گاڑیاں جائے وقوعہ تک نہیں پہنچ سکیں۔ جس سے امدادی کارروائیوں میں بڑی دشواریاں آئیں۔


دہلی فائر سروس نے تینوں لاشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ جائے وقوعہ پر مقامی پولیس، محکمہ بجلی اور دیگر ادارے موجود تھے۔ آگ لگنے کی وجہ فی الحال جانچ کی جارہی ہے۔ فائر آفیسر اجے شرما نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچی بستیوں میں جمع کچرے میں آگ لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ آگ اب پوری طرح قابو میں ہے۔

اس سے پہلے 12 اپریل کو راج گھاٹ بس اسٹاپ کے قریب جھاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی دور تک پھیلی ہوئی آگ پر قابو پالیا گیا۔ فائر حکام کے مطابق گہری کھائی اور گنجان جنگل جیسے مشکل جغرافیائی حالات کی وجہ سے آگ بجھانے میں کافی چینلج کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال فی الحال قابو میں ہے اور نگرانی جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔