دہلی شراب پالیسی معاملہ: سی بی آئی کی چارج شیٹ میں پہلی مرتبہ منیش سسودیا کا نام

منیش سسودیا یکم مئی تک عدالت تحویل میں ہیں۔ شراب پالیسی معاملہ میں منیش سسودیا کو 26 فروری کو سی بی آئی نے 8 گھنٹہ کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا

<div class="paragraphs"><p>منیش سسودیا، تصویر یو این آئی</p></div>

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے سابق ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا دہلی کی ایکسائز پالیسی معاملے میں سی بی آئی اور ای ڈی کی جانچ میں ہیں۔ سی بی آئی نے ایکسائز پالیسی معاملے میں راؤس ایونیو کورٹ میں منگل کو ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ چارج شیٹ میں پہلی بار منیش سسودیا کا نام شامل کیا گیا ہے۔

سی بی آئی کی چارج شیٹ میں سسودیا کے علاوہ بوچی بابو، ارجن پانڈے اور امندیپ ڈھال کے نام بھی ہیں۔ فی الحال سسودیا یکم مئی تک عدالتی حراست میں ہیں۔ ایکسائز کیس میں منیش سسودیا کو سی بی آئی نے 8 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔


سی بی آئی نے پانچ ماہ قبل راؤس ایونیو کورٹ میں شراب پالیسی معاملے میں 7 ملزمان کے خلاف 10000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس میں سسودیا کا نام نہیں تھا۔ سی بی آئی کی چارج شیٹ میں دو گرفتار تاجر، ایک نیوز چینل کا سربراہ، حیدرآباد کا شراب فروش، دہلی کا شراب تقسیم کرنے والا اور محکمہ ایکسائز کے دو اہلکار شامل ہیں۔ وجے نائر، ابھیشیک بوئن پلی، ارون پلئی، سمیر مہندرو، گوتم متھا، کلدیپ سنگھ اور نریندر سنگھ کو چارج شیٹ میں نامزد کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، منیش سسودیا کی بیوی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سسودیا کی اہلیہ ملٹی پل سکلیروسیس نامی بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس بیماری میں جسم پر دماغ کا کنٹرول کم ہوتا چلا جاتا ہے۔ وہ اپولو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔


دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر اور سی ایم کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق منیش سسودیا نے لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کے بغیر شراب کی پالیسی میں تبدیلی کی۔ حکومت نے کورونا وبا کے نام پر 144.36 کروڑ روپے کی ٹینڈر لائسنس فیس معاف کر دی۔ الزام ہے کہ اس سے شراب کے ٹھیکیداروں کو فائدہ ہوا۔ رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس سے ملنے والے کمیشن کو عام آدمی پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخابات میں استعمال کیا۔

ای ڈی کی ٹیم نے تہاڑ جیل میں منیش سسودیا سے پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی نے بتایا تھا کہ نئی شراب پالیسی بنانے میں جنوبی دہلی کے تاجروں سے 100 کروڑ کی رشوت لی گئی تھی۔ اس معاملے میں ای ڈی نے حیدرآباد کے تاجروں ارون رام چندر پلئی اور امندیپ ڈھال کو 6 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں، تلنگانہ کے سی ایم کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی بیٹی کے کویتا کا نام بھی سامنے آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔