دہلی شراب پالیسی معاملہ: منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پر سماعت 5 اپریل تک ملتوی

سسودیا کے وکیل نے کہا کہ انہیں ابھی تک ای ڈی کے جواب کی کاپی نہیں ملی ہے اور انہیں اپنا جواب داخل کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے۔ وکیل کے دلائل کے بعد عدالت نے سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی۔

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راجدھانی دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کو دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی شراب پالیسی معاملہ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔ اس معاملہ کی جانچ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ سسودیا نے ای ڈی معاملے میں منگل کے روز درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

سسودیا کے وکیل نے کہا کہ انہیں ابھی تک ای ڈی کے جواب کی کاپی نہیں ملی ہے اور انہیں اپنا جواب داخل کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے۔ وکیل کے دلائل کے بعد عدالت نے سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی۔ ای ڈی معاملے میں منیش سسودیا کی حراست 5 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔


عدالت نے جمعہ کو اس معاملے میں سسودیا کی ضمانت کی درخواست پر اپنا حکم محفوظ رکھا تھا، جس کی تحقیقات سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ حکم نامے کے اعلان کی تاریخ 31 مارچ مقرر کی گئی تھی۔

سی بی آئی کیس میں سسودیا کو پیر کو 3 اپریل تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے عآپ لیڈر کو 26 فروری کو گرفتار کیا تھا اور اس کے بعد ای ڈی نے بھی انہیں اسی معاملے میں 9 مارچ کو گرفتار کر لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔