منیش سسودیا آج سی بی آئی کے سامنے ہوں گے پیش، سخت حفاظتی انتظامات، کیجریوال نے ظاہر کیا ہے گرفتاری کا خدشہ

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا شراب پالیسی معاملہ میں اتوار (26 فروری) کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے جا رہے ہیں

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا شراب پالیسی معاملہ میں اتوار (26 فروری) کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا، عآپ کے احتجاج کے پیش نظر سی بی آئی ہیڈکوارٹر کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال منیش سسودیا کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں۔

ایک نیوز چینل کے پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا تھا کہ سی بی آئی اتوار کو منیش سسودیا کو گرفتار کر لے گی۔ کیجریوال نے کہا ’’سی بی آئی نے اتوار کو منیش سسودیا کو طلب کیا ہے۔ ہمارے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کو منیش سسودیا کو گرفتار کر لے گی۔‘‘

سی بی آئی نے منیش سسودیا کو گزشتہ اتوار بھی پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا تھا لیکن انہون نے بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھ گچھ کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد ایجنسی نے انہیں 26 فروری کو حاضر ہونے کو کہا۔


سسودیا کی گرفتاری کے خدشات کے درمیان عام آدمی پارٹی نے ہفتہ (25 فروری) کو پوچھ گچھ سے پہلے کہا کہ منیش سسودیا تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے۔ پارٹی لیڈر اور رکن اسمبلی آتشی نے میڈیا سے کہا ’’منیش سسودیا اتوار کو سی بی آئی کی تحقیقات کے لئے جائیں گے اور عہدیداروں ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ پچھلے 8 سے 10 سالوں میں عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف 150-200 مقدمات درج ہوئے ہیں لیکن وہ (مرکز) ایک پیسہ کی بھی بدعنوانی ثابت نہیں کر سکے، کیونکہ عآپ ایک کٹر ایماندار پارٹی ہے۔‘‘

ادھر، مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے مبینہ 'فیڈ بیک یونٹ (ایف بی یو) جاسوسی کیس' کے سلسلے میں بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ کے تحت دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) اب سسودیا کے خلاف نیا مقدمہ درج کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔