دہلی جَل بورڈ دفتر میں توڑ پھوڑ، راگھو چڈھا نے بی جے پی کے ’غنڈوں‘ پر لگایا الزام

دہلی جل بورڈ کے نائب چیئرمین راگھو چڈھا کے مطابق بی جے پی کے غنڈوں نے جل بورڈ دفتر پر حملہ کیا اور دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے کہہ دینا کہ کسانوں کا مددگار بننا بند کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی جَل بورڈ کے دفتر پر جمعرات کی صبح کچھ لوگوں نے مظاہرہ کیا اور پھر وہاں توڑ پھوڑ بھی شروع کر دی۔ اس ہنگامہ کے لیے عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ عآپ کا الزام ہے کہ بی جے پی کارکنان یہاں اپنی مخالفت درج کرنے کے لیے پہنچے تھے اور پھر توڑ پھوڑ کی۔ جَل بورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے جَل بورڈ اور اس کے ڈپٹی چیئرمین راگھو چڈھا کے دفتر میں شرپسندوں نے توڑ پھوڑ کی۔ جَل بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ بہت جلد وہ دہلی پولس میں آفیشیل شکایت درج کروائے گا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق شرپسندوں نے دہلی جَل بورڈ دفتر میں کئی مقامات پر شیشے کی کھڑکیاں اور دروازے توڑ ڈالے۔ اس دوران کئی لوگوں کو چوٹ بھی لگی۔ تشدد پھیلا رہے ان لوگوں نے دہلی جَل بورڈ میں شیشے کی کھڑکیوں کے علاوہ فرنیچر کو بھی تہس نہس کرنے کی کوشش کی۔ اس پورے معاملے پر دہلی جل بورڈ کے نائب چیئرمین راگھو چڈھا نے کہا کہ ’’جمعرات صبح سے دہلی جل بورڈ کے دفتر پر بی جے پی کے کارکنوں نے ریاستی بی جے پی صدر آدیش گپتا کی قیادت میں مظاہرہ کیا۔ دوپہر 12 بج کر 30 منٹ کے قریب بی جے پی کے کارکنان نے دروازے توڑ کر جل بورڈ کے دفتر پر حملہ کیا۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف نعرے لگائے۔‘‘


راگھو چڈھا نے بتایا کہ ’’بی جے پی کارکنوں نے ان کے دفتر کو بھی زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ دہلی جَل بورڈ کے مطابق اس طرح سے سرکاری دفتر میں گھس کر حملہ کرنا قابل مذمت ہے اور جل بورڈ اس معاملے میں آگے کی سخت قانونی کارروائی کرے گا۔‘‘ دہلی جل بورڈ کے نائب چیئرمین اور عآپ رکن اسمبلی راگھو چڈھا نے کہا کہ اس حملے کے دوران جل بورڈ دفتر میں ان کی آفس کو بری طرح سے تہس نہس کر دیا گیا۔ ملکیت کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ہی چڈھا کے مطابق ان کے آفس اسٹاف کو بھی ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

عآپ لیڈروں نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کے لیڈران اور کارکنوں نے وزیر اعلیٰ رہائش پر بھی سرکاری ملکیت کو نقصان پہنچایا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑے گئے ہیں۔ عآپ لیڈروں کے مطابق بی جے پی کے لیڈران دہلی پولس کے تحفظ میں تشدد کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بی جے پی لیڈروں پر نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے گھر پر حملے کا الزام لگ چکا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ کی غیر موجودگی میں ان کے گھر پر توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ دہلی پولس نے اس معاملے میں چھ بی جے پی کارکنان کو گرفتار بھی کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */