دہلی: تشدد زدہ جہانگیر پوری میں انہدامی کارروائی، سپریم کورٹ میں کل ہوگی اہم سماعت

جہانگیر پوری میں تشدد کے بعد ایم سی ڈی کی جانب سے کی گئی انہدامی کارروائی کے خلاف سیاسی گھمسان مچ گیا ہے، تمام اپوزیشن پارٹیوں نے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر شدید حملہ بولا ہے

جہانگیر پوری مسجد کا ٹوٹا ہوا حصہ
جہانگیر پوری مسجد کا ٹوٹا ہوا حصہ
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے جہانگیر پوری میں تشدد کے بعد بدھ کے روز این ڈی ایم سی (نارتھ دہلی میونسپل کارپوریشن) نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلڈوزر کے ذریعے انہدامی کارروائی انجام دی۔ اس معاملہ پر کافی ہنگامہ آرائی ہوئی اور اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے کی سماعت 21 اپریل کو کرنے جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور بی آر گوائی کی بنچ جہانگیر پوری میں انسداد تجاوزات مہم کے معاملے کی سماعت کرے گی۔ اس سلسلے میں کئی عرضی گزاروں نے سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔ جبکہ سپریم کورٹ بی جے پی کی حکومت والی کئی ریاستوں میں جاری بلڈوزر کارروائی کے خلاف جمعیۃ علما ہند کی عرضی پر بھی سماعت کرے گا۔


اس سے پہلے منگل کی دیر رات بتایا گیا تھا کہ ایم سی ڈی جہانگیر پوری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے جا رہی ہے۔ اس کے بعد یہ کارروائی صبح تقریباً 9 بجے سے شروع ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی عرضی گزاروں کے وکلا سپریم کورٹ پہنچے اور معاملے کی سماعت کا مطالبہ کیا۔ سپریم کورٹ نے فوری طور پر سماعت نہیں کی لیکن حکم دیا کہ کارروائی کو فی الحال روک کر جمود برقرار رکھا جائے۔ تاہم سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کئی گھنٹے تک بلڈوزر چلایا گیا۔ آخر کار جب سپریم کورٹ نے دوبارہ پولیس کمشنر اور ایم سی ڈی حکام تک اطلاع فراہم کرنے کی ہدایت دی، تو اس کارروائی کو روک دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔