دہلی: داعش کا مبینہ دہشت گرد دھولا کنواں سے گرفتار، دو آئی ای ڈی اور اسلحہ برآمد، پولیس کا دعویٰ

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشت گرد دہلی میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے متعدد مقامات کی ریکی بھی کی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عراق، شام، افغانستان اور دیگر ممالک میں حملے انجام دینے والی دہشت گرد تنظیم داعش (آئی ایس آئی ایس) اب دہلی میں بھی دستک دینے لگی ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے دعوی کیا ہے کہ اس نے داعش کے ایک دہشت گرد ابو یوسف کو دھولا کنواں سے گرفتار کیا ہے۔

خبروں کے مطابق پولیس نے دو آئی ای ڈی اور دیگر ہتھیار بھی برآمد کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابو یوسف کو ایک تصادم کے بعد گرفتار کیا گیا۔ داعش کے گرفتار شدہ مبینہ رکن ابو یوسف کو لودھی کالونی میں واقع اسپیشل سیل کے دفتر لایا گیا ہے۔


دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کے دہشت گرد دہلی میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور حملے کی نیت سے یہ دہشت گرد متعدد مقامات کی ریکی بھی کر چکے تھے۔ پولیس کے مطابق، دہلی میں کچھ لوگ ابو یوسف کو وسائل مہیا کر رہے تھے، ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سیکورٹی فورسز نے 15 اگست کو دہلی میں دہشت گردوں کے حملے کی وارننگ جاری کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی دہلی پولیس ہائی الرٹ پر ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر علی الصبح کارروائی انجام دی اور تصادم کے بعد ابو یوسف نامی مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Aug 2020, 11:11 AM
/* */