دہلی: ڈی سی ایم بلڈنگ میں زبردست آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں نویں منزل پر لگی آگ بجھانے میں مصروف

پولیس کا کہنا ہے کہ شام 6.21 بجے بارہ کھمبا روڈ واقع ڈی سی ایم بلڈنگ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، یہ بھی بتایا گیا کہ آگ نویں منزل پر لگی ہے، اس کے فوراً بعد 10 فائر ٹنڈر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

دہلی کے کناٹ پلیس (بارہ کھمبا روڈ) واقع ڈی سی ایم بلڈنگ میں زبردست آتشزدگی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ عمارت کی نویں منزل پر لگی ہے اور شدت کے ساتھ یہ آس پاس پھیلتی جا رہی ہے۔ اس آتشزدگی کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کا دستہ آگ پر قابو پانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں ڈی سی ایم بلڈنگ کے پاس موجود ہیں اور آگ کو بجھانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

فی الحال آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس سلسلے میں بھی کوئی جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے کہ اس حادثہ کے وقت عمارت میں کتنے لوگ موجود تھے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کناڈ پلیس دہلی کا انتہائی اہم علاقہ ہے جہاں بڑی تعداد میں دفاتر موجود ہیں۔ عمارت میں جس نویں منزل پر آگ لگی ہے، وہاں بھی کئی اہم دفاتر موجود ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔


دہلی پولیس کے حوالے سے ’آج تک‘ نے اپنی ایک شائع خبر میں بتایا ہے کہ شام 6.21 بجے بارہ کھمبا روڈ واقع ڈی سی ایم بلڈنگ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ آگ نویں منزل پر لگی ہے۔ اس کے فوراً بعد 10 فائر ٹنڈر جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ آتشزدگی کی جو ویڈیوز سامنے آئی ہیں ان میں آگ کی لپٹیں کافی تیز دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں بارش کی تیز بوندیں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ دراصل دہلی کے کئی علاقوں میں شام ایک بار پھر تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔ اس بارش کے درمیان ہی فائر بریگیڈ دستہ آگ پر قابو پانے کی کششیں کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔