بارہویں جماعت کے امتحان میں کیلکولیٹر کے استعمال کی درخواست، دہلی ہائی کورٹ کا سی بی ایس ای سمیت 4 اداروں کو نوٹس
دہلی ہائی کورٹ نے 12ویں جماعت کے اکاؤنٹنسی کے امتحان میں کیلکولیٹر کے استعمال کی اجازت سے متعلق درخواست پر سی بی ایس ای، مرکز اور این سی ای آر ٹی سمیت چار اداروں کو نوٹس جاری کیے

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے بارہویں جماعت کے اکاؤنٹنسی کے بورڈ امتحان میں سادہ، غیر پروگرام ایبل کیلکولیٹر استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر بدھ کو سی بی ایس ای سمیت چار اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے مرکز، قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت (این سی ای آر ٹی) اور پرکھ (پرفارمنس اسیسمنٹ، ریویو اینڈ اینالیسس آف نالج فار ہولسٹک ڈیولپمنٹ) سے بھی جواب مانگا ہے۔
اس معاملے کی اگلی سماعت 2 جنوری 2027 کو ہوگی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سی بی ایس ای کی گورننگ باڈی نے دسمبر 2024 میں بارہویں جماعت کے اکاؤنٹنسی امتحان میں کیلکولیٹر کے استعمال کی اجازت دینے کی منظوری دی تھی۔ وکیل کے مطابق نصاب کمیٹی نے بھی اسی ماہ اس تجویز کو منظور کیا، لیکن اس کے بعد اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
درخواست میں بورڈ امتحان کے دوران طلبہ کو سادہ، غیر پروگرام ایبل کیلکولیٹر استعمال کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو اس درخواست پر اپنا مؤقف پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر سی بی ایس ای نے 2026 کے دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لیے رجسٹریشن کی تفصیلات جانچنے اور ضرورت پڑنے پر ان میں ترمیم کرانے کی سہولت سے متعلق اطلاع جاری کی ہے۔ بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر امیدواروں کی فہرست (ایل او سی) فراہم کی ہے، جس میں طلبہ اپنی درج شدہ معلومات دیکھ سکتے ہیں۔
اگر کسی طالب علم کو اپنی رجسٹریشن تفصیلات میں غلطی یا ترمیم کی ضرورت نظر آئے تو وہ اپنے اسکول سے رابطہ کرکے 7 نومبر تک درستگی کروا سکتا ہے۔ بورڈ نے طلبہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی معلومات احتیاط سے جانچیں اور مقررہ مدت کے اندر اسکول کے ذریعے ضروری اصلاحات مکمل کرائیں۔
سی بی ایس ای کے مطابق دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں صرف وہی طلبہ شرکت کے اہل ہوں گے جن کے نام بورڈ کی جاری کردہ ایل او سی میں شامل ہوں گے۔ اس لیے طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ فہرست میں اپنا نام اور رجسٹریشن کی تفصیلات تصدیق کرلیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
