دہلی کے وزیر صحت کو ای ڈی نے کیا گرفتار، عآپ-بی جے پی میں گھمسان شروع

دہلی کے وزیر صحت ستیندر کمار جین کو ای ڈی نے پیر کے روز گرفتار کر لیا، یہ کارروائی کولکاتا کی ایک کمپنی سے جڑے حوالہ لین دین کے معاملے میں کی گئی ہے۔

وزیر صحت ستیندر جین
وزیر صحت ستیندر جین
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر صحت ستیندر کمار جین کو ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی کولکاتا کی ایک کمپنی سے جڑے حوالہ لین دین کے معاملے میں کی گئی ہے۔ اس سے پہلے اپریل مہینے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ معاملے میں جین کے کنبہ اور کمپنیوں کی 4.81 کروڑ روپے کی ملکیت قرق کی تھی۔ اس کے بعد دہلی بی جے پی کے لیڈروں اور کارکنان نے عآپ (عام آدمی پارٹی) حکومت میں وزیر ستیندر جین کے خلاف جنتر منتر پر دھرنا دیا اور جین کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مظاہرہ کے دوران دہلی بی جے پی سربراہ آدیش گپتا نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو اس بدعنوانی کے بارے میں پتہ ہے جس میں جین شامل تھے۔ باوجود اس کے معاملے پر خاموشی بنائے رکھی۔ آدیش گپتا نے کہا کہ کیجریوال یہ قصداً شور مچا رہے تھے کہ جین پر ای ڈی کی کارروائی ہو سکتی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ کچھ وقت پہلے ہی دہلی میں برسراقتدار عآپ نے دعویٰ کیا تھا کہ جین بہت ایماندار شخص ہیں، ان کے خلاف معاملہ عدالت کے ذریعہ خارج کر دیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں، فروری میں پنجاب انتخاب سے پہلے کیجریوال نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ای ڈی جین کو گرفتار کرنے جا رہی ہے۔ اب جب کہ ستیندر کمار جین کی گرفتاری عمل میں آ چکی ہے، تو عآپ ان کی دفاع کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے اور بی جے پی لیڈران حملہ آوار نظر آ رہے ہیں۔ یعنی دونوں پارٹیوں کے درمیان گھمسان شروع ہو گئی ہے۔

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا کہنا ہے کہ جین کچھ دنوں میں چھوٹ جائیں گے کیونکہ کیس فرضی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہماچل پردیش میں بی جے پی بری طرح سے ہار رہی ہے اسی لیے ستیندر جین کو آج گرفتار کیا گیا ہے تاکہ وہ ہماچل نہ جا سکیں۔ ان کے خلاف آٹھ سال سے فرضی کیس چل رہا ہے۔


اس درمیان بی جے پی کی طرف سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’آخر کار کیجریوال کے خاص دوست بدعنوان ستیندر جین گرفتار ہوئے۔کیجریوال جی دنیا بھر کی باتوں پر تعلیم دیتے ہو، اس پر کیوں خاموش ہو؟ کیا یہی بدعنوانی کرنے کو الگ طرح کی سیاست کہتے تھے آپ؟‘‘ بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش صاحب سنگھ نے ستیندر جین کی گرفتاری کے بعد طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ ’’دہلی حکومت بدعنوانیوں کا اڈہ بن چکی ہے۔ پنجاب کے وزیر صحت پہلے ہی بدعنوانی کے معاملے میں گرفتار ہو چکے ہیں، اور اب دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کا حوالہ کیس میں گرفتار ہونا صاف ظاہر کرتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال کا ہاتھ بدعنوانوں کے ساتھ ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */