دہلی کے اے کیو آئی میں بہتری، این سی آر میں عائد گریپ-2 کی پابندیاں ختم

کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’’دہلی کے اوسط اے کیو آئی میں بہتری کے رجحان کو دیکھتے ہوئے سب-کمیٹی نے متفقہ طور پر پورے این سی آر میں موجودہ گریپ کے اسٹیج-2 کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی این سی آر میں بدھ کی صبح 5 سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور ہلکی بوندا باندی کا واضح اثر ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) پر دیکھنے کو ملا۔ کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح کم ہو کر آرنج زون (متوسط سے خراب) سے یلو زون (متوسط) میں پہنچ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں تک صبح کے وقت دھند کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے، لیکن فی الحال کسی قسم کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دہلی کی ہوا کے معیار میں مسلسل بہتری کے بعد کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے بدھ کو دہلی این سی آر میں گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے تحت مرحلہ 2 کی پابندیاں ختم کر دیں۔ یہ فیصلہ ’گریپ‘ کی سب-کمیٹی نے ہوا کے معیار کے تازہ ترین ڈیٹا اور موسم کی پیش گوئیوں کا جائزہ لینے کے بعد لیا۔ سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق بدھ کو دہلی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 214 تھا، جس سے یہ ’خراب‘ کیٹیگری میں آ گیا، لیکن آلودگی کی سطح میں واضح کمی نظر آ رہی ہے۔ موسم کی بہتر صورتحال کی وجہ سے اے کیو آئی 16 فروری کو ریکارڈ کیے گئے 261 سے بہتر ہو کر 17 فروری کو 249 اور 18 فروری کو 214 ہو گیا تھا۔


انڈیا میٹیورولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹروپیکل میٹیورولوجی (آئی آئی ٹی ایم) کے اندازوں کی بنیاد پر آنے والے دنوں میں اے کیو آئی کے ’خراب‘ سے ’متوسط‘ زمرے میں رہنے کی امید ہے۔ کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’’دہلی کے اوسط اے کیو آئی میں بہتری کے رجحان کو دیکھتے ہوئے سب-کمیٹی نے متفقہ طور پر پورے این سی آر میں موجودہ گریپ کے اسٹیج-2 کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘

حالانکہ افسران نے واضح کیا ہے کہ گریپ کے اسٹیج-1 کے تحت تمام اقدامات نافذ رہیں گے۔ این سی آر میں نفاذ کرنے والے اداروں کو ہوا کے معیار میں کسی بھی نئی گراوٹ کو روکنے کے لیے اسٹیج-1 کی کارروائی کو تیز کرنے اور سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گریپ میکانزم جو آلودگی کی سطح کی بنیاد پر درجہ بندی کی پابندیوں کا تعین کرتا ہے، نے پہلے 19 اکتوبر 2025 کو اسٹیج-2 نافذ کیا تھا، جب اے کیو آئی کی سطح میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا تھا۔


کمیشن نے اس بات پر زور دیا کہ سخت نگرانی جاری رہے گی اور ایجنسیوں کو یہ یقینی بنانے کے لیے مستعد رہنا چاہیے کہ آلودگی کی سطح میں دوبارہ اضافہ نہ ہو۔ شہریوں کو بھی بہتری برقرار رکھنے میں مدد کے لیے اسٹیج-1 کے تحت ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی کمیشن نے کہا کہ سب-کمیٹی ہوا کے معیار کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے گی اور ریئل-ٹائم ڈیٹا اور اندازوں کی بنیاد پر آگے کے فیصلوں کے لیے وقتاً فوقتاً صورتحال کا جائزہ لے گی۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ ہلکی بارش اور ہوا کی رفتار بڑھنے سے فضا میں موجود آلودگی کے ذرات کو منتشر کردیا، جس کی وجہ سے اے کیو آئی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اگر ہواؤں کی رفتار اسی طرسح برقرار رہتی ہے تو آنے والے دنوں میں مزید بہتری کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔