دہلی حکومت ’زہریلی ہوا‘ پر قابو پانے میں اب تک ناکام، کانگریس نے پوچھے 9 سوالات

دیویندر یادو کے مطابق بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ ہمارا ہدف پی ایم 2.5 اور پی ایم 10 کی سطح کو کم کرنا ہے، لیکن دہلی میں 13 سے زائد جگہ پر اے کیو آئی کی سطح 400 کے پار پہنچ رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کی ہوا میں گھلے زہر کو تشویش ناک بتاتے ہوئے بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخاب میں اپنے ’سنکلپ پتر‘ (انتخابی منشور) میں یہ وعدہ کیا تھا کہ اگر بی جے پی 27 سال بعد اقتدار میں آتی ہے تو آلودگی سے متعلق پی ایم 2.5 اور پی ایم 10 کی سطح کو ختم کر دے گی، لیکن ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’دہلی حکومت نے عہد کیا تھا دہلی کے اوسط اے کیو آئی کو نصف کرنے اور خراب اے کیو آئی والے دنوں کی تعداد کو کم کرنے کے لیے ’دہلی سوچھ وایو مشن‘ شروع کریں گے، اس کا بھی کوئی اثر دیکھنے کو نہیں مل رہا۔‘‘ کانگریس لیڈر نے کہا کہ دہلی کے 13 سے زیادہ جگہوں، مثلاً آنند وہار، وزیر پور، منڈلا وغیرہ میں اے کیو آئی کی سطح 400 کے پار پہنچ رہی ہے۔

دیویندر یادو کے مطابق بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ ہمارا ہدف پی ایم 2.5 اور پی ایم 10 کی سطح کو کم کرنا ہے اور اس مشن کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں سڑک صفائی مشینوں اور دہلی میونسپل کارپوریشن ہر وارڈ میں پانی چھڑکنے والی مشینوں کو تعینات کرے گی۔ آنند وہار، منڈکا، آر.کے. پورم سمیت انتہائی آلودہ علاقوں میں ایسی مزید مشینوں کو تعینات کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا۔ فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے دیگر اقدامات میں اہم چوراہوں اور سڑکوں پر فضائی ریفائنری آلات کو نصب کرنا شامل ہے۔ جمنا کی صفائی پر بھی بڑے بڑے وعدے کیے گئے لیکن ہزاروں کروڑ برباد کرنے کے باوجود جمنا صاف نہیں ہوئی۔ 50 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک یا سی این جی میں تبدیل کرنے کے لیے ترغیب دینا اور گرین بیلٹ تیار کرنے کے لیے پودے لگانے کا وعدہ بھی اب تک وفا نہیں ہو سکا ہے۔


بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنانے کے بعد دیویندر یادو نے کہا کہ میرا بی جے پی کی 9 مہینوں والی ریکھا گپتا حکومت سے 9 سوالات ہیں۔ یہ سوالات ہوا اور پانی کی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں، جس کا جواب ہمیں چاہیے۔ سوالات اس طرح ہیں:

  1. دہلی دنیا کی نمبر 1 آلودہ راجدھانی کیسے بنی؟

  2. راجدھانی میں 100 میں سے 15 اموات آلودگی کے سبب کیوں ہو رہی ہے؟

  3. آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ونٹر ایکشن پلان فیل کیوں ہوا؟

  4. ہزاروں کروڑ برباد کرنے کے باوجود جمنا صاف کیوں نہیں ہوئی؟

  5. دہلی اور کانپور آئی آئی ٹی کے ماہرین کے سوال اٹھانے کے باوجود بھی ٹیکس دہندگان کے خون پسینے کے کروڑوں روپے برباد کر کے کلاوڈ سیڈنگ کیوں کروائی؟

  6. بی جے پی کی حکمرانی والے ہریانہ، یوپی اور راجستھان اور عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت نے پرالی جلانے کو روکنے کے لیے وقت پر قدم کیوں نہیں اٹھائے؟

  7. گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں، ٹوٹی سڑکوں اور تعمیراتی آلودگی پر کنٹرول کیوں نہیں کیا؟ نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے میں نئی الیکٹرک بسیں لانے میں آپ پوری طرح ناکام ثابت ہوئے۔

  8. دہلی میں سبز علاقے بڑھانے کے لیے کوئی مؤثر قدم کیوں نہیں اٹھایا؟

  9. کچرے کے پہاڑ تینوں لینڈفلز کو بڑے بڑے دعووں کے باوجود ابھی تک ختم کیوں نہیں کیا گیا؟