سنجیونی اور مہیلا سمان یوجنا محکموں کے نوٹس جاری، کیجریوال کا شدید ردعمل، کہا- ’یہ بوکھلا گئے ہیں!‘
محکموں نے ’سنجیونی‘ اور ’مہیلا سمان یوجنا‘ کو غیر مستند قرار دیا اور کہا کہ ان منصوبوں کے تحت کیے جا رہے رجسٹریشن گمراہ کن ہیں۔ کیجریوال نے اسے سیاسی حملہ قرار دیتے ہوئے پریس کانفرنس کا اعلان کر دیا

سوشل میڈیا
دہلی میں انتخابات سے قبل سنجیونی اور مہیلا سمان یوجنا کے حوالے سے تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ دہلی حکومت کے صحت اور خواتین و اطفال ترقی (ڈبلیو سی ڈی) محکموں نے عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان منصوبوں کو غیر مستند قرار دیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق، سنجیونی منصوبہ کے تحت دہلی کے تمام اسپتالوں میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو مفت علاج فراہم کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، جو حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔ محکمہ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ذاتی معلومات، بشمول آدھار اور بینک تفصیلات، شیئر نہ کریں اور ان منصوبوں پر یقین نہ کریں۔
اسی طرح خواتین و اطفال ترقی محکمہ نے ’مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا‘ کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت نے ایسی کسی اسکیم کا اعلان نہیں کیا۔ اسکیم کے تحت مالی فوائد کے دعوے بے بنیاد ہیں اور عوام کو ان سے خبردار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیونکہ یہ سائبر جرائم اور دھوکہ دہی کا سبب بن سکتے ہیں۔
ان نوٹسز کے بعد دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ان منصوبوں سے یہ لوگ طرح بوکھلا گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے سینئر رہنماؤں کے خلاف چھاپے مارنے اور فرضی مقدمات کے ذریعے آتشی کی گرفتاری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ وہ اس معاملے پر دوپہر 12 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
بی جے پی نے ان منصوبوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل یہ محض عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ دوسری جانب، عام آدمی پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ منصوبے عوامی خدمت کے لیے ہیں اور ان کے رضاکار رجسٹریشن ڈرائیو میں مصروف ہیں۔ یاد رہے کہ ان منصوبوں کا اعلان اروند کیجریوال نے خود کیا تھا اور رجسٹریشن کا آغاز بھی انہوں نے اپنے ہاتھوں سے کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔