غیر مجاز کالونیوں کے نام پر دہلی حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے: ڈاکٹر نریش کمار
ڈاکٹر نریش کمار نے منڈکا کی شیر سنگھ انکلیو میں عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی حکومت پر غیر مجاز کالونیوں کے لوگوں کو گمراہ کرنے اور ان سے پیسہ وصولنے کی سازش کا الزام لگایا

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان اور اَن آتھرائزڈ کالونی ریزیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نریش کمار نے منڈکا اسمبلی حلقہ کی غیر مجاز کالونی شیر سنگھ انکلیو میں مقامی باشندوں اور ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ کارنر میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے دہلی حکومت کی کالونی ریگولرائزیشن پالیسی کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ دہلی حکومت غیر مجاز کالونیوں کو باقاعدہ کرنے کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور ان سے رقم وصولنے کی سازش چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے 1511 غیر مجاز کالونیوں کو ریگولرائز کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جبکہ اس سے پہلے 1731 کالونیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر 220 کالونیوں کو اس منصوبے سے باہر کیوں رکھا گیا اور ان علاقوں میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کا قصور کیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دیہات سے ملحق ایکسٹینڈڈ لال ڈورا اور آبادی والے علاقوں کے تعلق سے حکومت کی کوئی واضح پالیسی نہیں ہے، جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا رویہ دیہی علاقوں کے ساتھ امتیازی ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ پی ایم اُدے یوجنا کے تحت لوگوں کو پورٹل پر درخواست دینے، بھاری فیس جمع کرنے اور الگ الگ پلاٹ ریگولرائز کرانے کے عمل میں الجھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ اجتماعی طور پر کالونیوں کو باقاعدہ کرنے کی حامی رہی ہے، نہ کہ ہر پلاٹ مالک سے الگ الگ وصولی کی۔
انہوں نے کہا کہ 1977 میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی قیادت والی کانگریس حکومت نے بغیر کسی فیس کے غیر مجاز کالونیوں کو ریگولرائز کرنے کی مہم شروع کی تھی، جو 1993 تک جاری رہی۔ ان کے مطابق اسی ماڈل کو دوبارہ نافذ کرتے ہوئے عوام پر مالی بوجھ ڈالے بغیر کالونیوں کو قانونی حیثیت دی جانی چاہیے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے ان کالونیوں میں چھوٹے پلاٹ خریدے ہیں، ایسے میں ان پر ڈیولپمنٹ چارج اور دیگر فیس عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران وہ دہلی کی تمام 1511 غیر مجاز کالونیوں کا دورہ کرکے لوگوں کو بیدار کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بعد میں تمام کالونی باشندوں اور ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
