دہلی: مزدوروں کو غیرقانونی طریقہ سے لے جانے والے 4 لوگ گرفتار

پولیس نے دونوں ڈرائیوروں اور مزدوروں کو جمع کرنے والے دونوں لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 88/269/270/34 اور وبا ایکٹ 1897 کے تحت معاملہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں ٹرکوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی پولیس نے لاک ڈاون کے دوران تارکین مزدوروں کو غیرقانونی طریقہ سے ان کے گھروں تک پہنچانے میں لگے دو آئشر ٹرک کو ضبط کرکے چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ جنوب مشرقی دہلی کے ڈپٹی پولیس کمشنر راجندر پرساد مینا نے اتوار کو بتایا کہ پولیس کو ایسی خبر ملی تھی کہ کچھ ٹرک ڈرائیور لاک ڈاون کے دوران تارکین مزدوروں کو غیرقانونی طریقہ سے بہار اور اترپردیش لے جانے میں مصروف ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے رات میں گشت اور آنے جانے والوں پر نگرانی بڑھا دی۔

انہوں نے کہا کہ دو اور تین مئی کی رات گشت کے دوران اوکھلہ فیس۔ دو کے نزدیک آئشر ٹرک مشتبہ حالت میں نظر آیا اور آس پاس 20 سے 25 لوگ دوری بناکر کھڑے تھے۔ جانچ کے بعد پتہ چلا کہ دونوں آئشر کے ڈرائیور اویناش تیواری اور منوج کمار یادو ان مزدوروں کو اترپردیش اور بہار لے جانے کے فراق میں ہیں۔


ڈپٹی پولیس کمشنر راجندر پرساد نے کہا کہ مزید پوچھ گچھ کے بعد دونوں ڈرائیوروں نے قبول کیا کہ وہ دو لوگوں اکلو اور روی شنکر کمار کے گزشتہ چار پانچ دنوں سے رابطہ میں ہیں اور انہوں نے کچھ مزدوروں کو بہار کے مونگیر لے جانے کے لئے راضی کیا ہے۔ بہار کے مونگیر کے رہنے والے اکلو اور روی شنکر نے ان مزدوروں کو اوکھلہ فیس دو بھیجا تھا تاکہ وہ لو گ آئشر میں سوار ہوکر اپنے گھر جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پوچھ گچھ میں اکلو اور روی شنکر نے قبول کیا کہ انہو ں نے ہی ان مزدوروں کو فون کرکے یہاں بلایا تھا۔ پولیس نے دونوں ڈرائیوروں اور مزدوروں کو جمع کرنے والے دونوں لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 88/269/270/34 اور وبا ایکٹ 1897 کے تحت معاملہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں ٹرکوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔