دہلی آبکاری پالیسی معاملہ: کیجریوال اور کویتا کو نہیں ملی راحت، عدالت نے دونوں کی عدالتی حراست میں 7 مئی تک کی توسیع

عدالت نے جیل افسران کو ہدایت دی ہے کہ کیجریوال اور کے. کویتا کو 7 مئی بروز منگل 2 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیش کیا جائے۔

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال اور کے. کویتا</p></div>

اروند کیجریوال اور کے. کویتا

user

قومی آوازبیورو

دہلی آبکاری پالیسی سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور بی آر ایس لیڈر کے. کویتا کو ایک بار پھر عدالت سے راحت نہیں مل سکی۔ منگل کے روز دہلی آبکاری معاملہ سے متعلق ای ڈی کیس میں دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں عدالت نے کیجریوال کی عدالتی حراست 7 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ سنایا۔ کیجریوال کے ساتھ ساتھ بی آر ایس لیڈر کویتا اور چنپریت سنگھ کی عدالتی حراست میں بھی 7 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ تینوں کو آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راؤز ایونیو کورٹ نے جیل افسران کو ہدایت دی ہے کہ اروند کیجریوال اور کے. کویتا کو 7 مئی بروز منگل 2 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پھر سے پیش کیا جائے۔ حالانکہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کی ایک عرضی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے جس میں انھوں نے منی لانڈرنگ کے الزام میں ای ڈی کے ذریعہ 21 مارچ کو کی گئی ان کی گرفتاری کو چیلنج پیش کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں 15 اپریل کو سماعت کی تھی اور ای ڈی سے جواب طلب کیا تھا۔ ای ڈی کا جواب داخل ہونے تک کیجریوال کو فوری راحت دینے سے سپریم کورٹ نے انکار کر دیا تھا۔


واضح رہے کہ دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو 21 مارچ کی شام 2 گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی وہ حراست میں ہیں۔ پہلے وہ ای ڈی کی حراست میں رہے، اور پھر بعد میں انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ اس وقت وہ تہاڑ جیل میں قید ہیں اور عآپ لیڈران لگاتار ان پر مظالم کیے جانے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔