دہلی میں بزرگ جوڑے اور ملازمہ کا بہیمانہ قتل، علاقہ میں سنسنی

دہلی کے وسنت انکلیو میں تہرے قتل سے سنسنی پھیل گئی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج کر معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وسنت انکلیو میں تین قتل کی واردات سے سنسنی پھیل گئی ہے۔ یہاں پر ایک گھر میں بزرگ جوڑے اور ان کی ملازمہ کا قتل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق بزرگ وشنو ماتھر سی جی ایچ ایس (سینٹرل گورنمنٹ ہیلتھ سروسز) سے ریٹائرڈ تھے جبکہ ان کی بیوی ششی ماتھر این ڈی ایم سی (نئی دہلی میونسپل کارپوریشن) سے ریٹائرڈ تھیں۔ ان دونوں میاں بیوی کے ساتھ ان کی ملازمہ خوشبو نوٹیال کو بھی قتل کر دیا گیا ہے۔

قتل کی اس واردات کی خبر جیسے ہی مقامی لوگوں کو ملی وہاں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی لوگوں کی طرف سے اس کی اطلاع پولس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچ کر پولس نے لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے اور معاملہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولس تاحال قتل کی وجوہات معلوم نہیں کر پائی ہے۔


واقعہ کے حوالہ سے جنوبی دہلی کے ڈی سی پی دیوندر آریہ نے کہا کہ صبح تقریباً 8 بجکر پچاس منٹ پر واقعہ کی کال ملی تھی۔ موقع پر جب پولس پہنچی تو اس نے فرسٹ فلور پر واقع فلیٹ سے تین لاشیں برآمد کیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گھر میں شاید کوئی غیر واقف شخص آیا ہوگا۔ حالانکہ لوٹ مار ہونے کا کوئی ثبوت ابھی نہیں ملا ہے۔ پولس اس زاویہ پر بھی غور کر رہی ہے کہ کہیں ملازمہ کا کوئی واقف کار تو گھر میں نہیں پہنچا۔


واضح رہے کہ ایک روز قبل ساؤتھ دہلی کے مہرولی علاقہ میں ایک پرائیویٹ ٹیوٹر اوپندر شکلا کو ان کے کمرے میں اپنی بیوی اور تین بچوں کی خون آلودہ لاشوں کے درمیان بیٹھا پایا گیا۔ اس نے اپنے محض ڈیڑھ سال کے ایک بچے کا بھی گلا کاٹ کر قتل کر دیا تھا۔ کمرہ اندر سے بند تھا۔ صبح دیر تک جب اس کا کمرہ نہیں کھلا تو اس کی ماں نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کے بعد پڑوسیوں نے دروازہ توڑا تو اوپندر بیٹھا نظر آیا جو اپنے ہی ہاتھوں اپنا خاندان کو ختم کر چکا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔