دہلی نے اوڑھی اسموگ کی چادر، آلودگی کے درمیان سانس لینا محال، آنکھوں میں خارش سے لوگ ہوئے پریشان
سی پی سی بی کے مطابق اتوار اور پیر کو بھی ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس کی وجہ سے سانس کے مریضوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔ آنکھوں میں خارش کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

قومی راجدھانی دہلی میں آج بھی آلودگی شدید زمرے میں رہی ہے۔ ہفتہ کی صبح اسموگ اور ہلکے کہرے کے درمیان شروع ہوئی جب آسمان پر اسموگ کی چادر چھائی ہوئی تھی۔ کئی علاقے زہریلے اسموگ کی موٹی تہہ میں قید رہے جس کی وجہ سے حد بصارت کافی کم رہی۔ اس دوران لوگ ماسک پہنے نظرآئے جبکہ سانس کے مریضوں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فی الوقت دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیوآئی) 400 سے تجاوز کر گیا ہے جو ہوا کے سنگین زمرے کو ظاہر کرتا ہے۔
ایمس کے علاقے میں ہفتہ کی صبح حد بصارت کافی کم رہی۔ اسموگ کی موٹی تہہ کی وجہ سے لوگوں کو صحت سے متعلق مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ آنند وہار میں بھی یہی صورتحال رہی۔ علاقے کے ارد گرد اے کیو آئی 434 درج کیا گیا ہے،جسے سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق سینگین زمرے میں رکھا جاتا ہے۔
زہریلے اسموگ کی موٹی چادر نے آئی ٹی او علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔ علاقے کے ارد گرد اے کیو آئی 417 درج کیا گیا ہے جو سی پی سی بی کے مطابق سنگین زمرے میں آتا ہے۔ اسی طرح اکشردھام علاقے کے ارد گرد اے کیو آئی 419 ریکارڈ کیا گیا ہے جسے سی پی سی بی کے مطابق سنگین زمرے میں رکھا گیا ہے۔ پارلیمنٹ اسٹریٹ علاقے میں بھی حد بصارت کم رہی۔ اس علاقے کے آس پاس اے کیو آئی 356 درج کیا گیا ہے جو سی پی سی بی کے مطابق انتہائی ناقص زمرے میں آتا ہے۔
اس سنگین مسئلے کو دیکھتے ہوئے قومی راجدھانی خطہ اور ملحقہ علاقوں میں ہوا کا معیار طے کرنے سے متعلق ادارہ ’سی اے کیو ایم‘ نے گاڑیوں سے ہونے والی فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک ماہر کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی سرکردہ ماہرین تعلیم، ماہرین صحت، آٹو موٹیو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور دیگر فیلڈ ماہرین کو متحد کرتی ہے جو گاڑی سے علاقے میں اخراج کم کرنے کے لیے مضبوط اور کثیر جہتی روڈ میپ کی سفارش کرے گی۔
سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار اور پیر کو بھی ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس کی وجہ سے سانس کے مریضوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔ مزید برآں لوگوں کو آنکھوں میں جلن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہفتہ کو بھی کئی علاقوں میں ہوا کا معیار سنگین اور انتہائی خراب زمروں میں درج کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔