دہلی فساد: عمر خالد کو عدالت سے ملی ضمانت، ہر تاریخ پر پیشی کی ہدایت

دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو نے عمر خالد کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ اسے عدالت میں ہر تاریخ پر پیش ہونا ہوگا اور اپنا موبائل فون بھی ہمیشہ آن رکھنا ہوگا۔

عمر خالد
عمر خالد
user

قومی آوازبیورو

دہلی فسادات سے جڑے ایک معاملے میں جے این یو کے سابق اسٹوڈنٹس لیڈر عمر خالد کو ضمانت مل گئی ہے۔ جمعرات کو کڑکڑڈوما کورٹ نے عمر خالد کو دہلی کے کھجوری خاص تھانہ میں درج ایک ایف آئی آر کے تعلق سے ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے 20 ہزار کے نجی مچلکے پر عمر خالد کو یہ ضمانت دی ہے۔

دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج جسٹس ونود یادو نے 24 فروری کو کھجوری خاص تھانہ علاقہ میں ہوئے فسادات کے سلسلے میں درج کیس کے تعلق سے عمر خالد کو کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت دی ہے۔ شرائط کے مطابق خالد کو عدالت میں ہونے والی ہر تاریخ پر پیش ہونا ہوگا اور اسے اپنا موبائل فون بھی ہمیشہ آن رکھنا ہوگا۔ علاوہ ازیں فون میں آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اسے بھی آن رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


عمر خالد کو عدالت نے ہدایت دی ہے کہ وہ اپنا موبائل نمبر کھجوری خاص کے ایس ایچ کو دیں اور جیل سے نکلنے کے بعد ثبوتوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کریں، اور نہ ہی گواہوں کو متاثر کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس کے علاوہ سماج میں امن و خیرسگالی بنائے رکھنے میں تعاون کی ہدایت بھی عمر خالد کو دی گئی ہے۔

عمر خالد کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جج ونود یادو نے یہ بھی کہا کہ معاملے کی جانچ پوری ہو چکی ہے اور چارج شیٹ پہلے ہی داخل کیا جا چکا ہے۔ معاملے کی سماعت میں طویل وقت لگنے کا امکان ہے۔ درخواست کنندہ یکم اکتوبر 2020 سے عدالتی حراست میں ہے اور اسے صرف اس لیے غیر معینہ مدت تک کے لیے جیل میں نہیں رکھ سکتے کیونکہ کچھ لوگ جو کہ فساد کی بھیڑ کا حصہ تھے ان کی پہچان کی جانی ہے اور انھیں گرفتار کیا جانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔