فضائی آلودگی کے خلاف سڑکوں پر اتری دہلی کانگریس، لوگوں میں ماسک کیے تقسیم

ماسک تقسیم کرتے ہوئے دیویندر یادو نے یاد دلایا کہ شیلا دیکشت کی حکومت میں آلودگی نہ کے برابر تھی، کیونکہ بڑے پیمانے پر شجر کاری کے ذریعہ دہلی کا سبزہ زار علاقہ 300 مربع کلومیٹر تک پہنچا دیا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>لوگوں میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>
i
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: دہلی میں بڑھتی زہریلی ہوا اور خطرناک سطح کے دم گھونٹنے والی فضائی آلودگی کے خلاف دہلی کانگریس نے آج ریاستی صدر دیویندر یادو کی قیادت میں آئی ٹی او چوک پر ماسک تقسیم کرتے ہوئے ایک بیداری مہم چلائی۔ اس دوران دہلی کے تمام 70 اسمبلی حلقوں میں کانگریس کارکنان نے بازاروں، اہم چوراہوں اور میٹرو اسٹیشنوں پر شہریوں میں ماسک تقسیم کیے تاکہ عوام کو بڑھتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

فضائی آلودگی کے خلاف سڑکوں پر اتری دہلی کانگریس، لوگوں میں ماسک کیے تقسیم

اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ ریکھا گپتا کی قیادت والی بی جے پی حکومت دہلی میں آلودگی پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر چکا ہے، مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کو بچانے کے لیے ہم نے ماسک تقسیم مہم شروع کی ہے تاکہ دہلی والے اپنی صحت کی حفاظت کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے کوئی پائیدار قدم نہیں اٹھایا بلکہ خطرناک حد تک بڑھتی آلودگی کے اعداد و شمار کو چھپانے میں مصروف ہے۔ اگر حکومت نے اربوں روپے خرچ کر کے اسموگ ٹاور، پانی کے چھڑکاؤ اور مشینیں لگائیں تو پھر آلودگی کم کیوں نہیں ہوئی؟ دہلی کے عوام جواب چاہتے ہیں اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو بتانا چاہیے کہ انہوں نے شہریوں کی سانسوں کو راحت دینے کے لیے آخر کیا کیا۔


دیویندر یادو نے الزام لگایا کہ دہلی حکومت نے جمنا کی صفائی کے نام پر 6 ہزار 856 کروڑ روپے خرچ کر دیے، مگر جمنا کی حالت بدتر ہی رہی۔ اسی طرح 4 ہزار کروڑ روپے اسپیشل ڈرائیو کے نام پر اڑا دیے گئے مگر دہلی کی سڑکیں، کوڑا کرکٹ اور آلودگی کی سطح بدستور خطرناک حد پر ہے۔

دیویندر یادو نے یاد دلایا کہ شیلا دیکشت کے دور حکومت میں آلودگی نہ کے برابر تھی، کیونکہ کانگریس حکومت نے پڑے پیمانے پر شجر کاری کر کے دہلی کا سبزہ زار علاقہ محض 26.30 مربع کلومیٹر سے بڑھا کر 300 مربع کلومیٹر تک پہنچا دیا تھا۔ ہماری حکومت نے ڈی ٹی سی بسوں کو سی این جی میں تبدیل کیا، پرائیویٹ گاڑیوں کے لیے سی این جی لازمی کی اور دہلی کو کیروسین فری شہر بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ شیلا دیکشت کے وقت ماسک صرف اسپتالوں میں استعمال ہوتے تھے، مگر آج دہلی کے ہر شہری کو ماسک پہننے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ کیجریوال کی حکومت نے کرپشن پر توجہ دی، لیکن دہلی کی فضا کو صاف رکھنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔


علاوہ ازیں بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر راجکمار جین نے ضلع کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کے بارے میں عوام کو بتایا اور ماسک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر آدمی سانس لینے کی تکلیف سے پریشان ہے۔ بزرگ افراد کے لیے فضائی آلودگی انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہم سب کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے جس کے خلاف آج دہلی کانگریس سڑکوں پر اتر کر فضائی آلودگی کے خلاف بیداری مہم چلا رہی ہے۔

فضائی آلودگی کے خلاف سڑکوں پر اتری دہلی کانگریس، لوگوں میں ماسک کیے تقسیم

آئی ٹی او چوک پر منعقدہ اس مہم میں سابق ریاستی صدر سبھاش چوپڑا، سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق ایم ایل اے راجیش للوٹھیا، حسن احمد، ضلع صدور محمد عثمان، سدھارتھ راؤ، جتندر کوچر، سنیل کمار، لکشمن راوت، جگجیون شرما، پریرنا سنگھ، اشوک جین، سوشل میڈیا چیئرمین راہل شرما اور دیگر کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔