دہلی: راہل گاندھی کی حمایت میں کانگریس کا مارچ، ٹریفک پولیس نے ان راستوں کو کیا بند

دہلی پولیس ٹریفک پولیس نے رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک موتی لال نہرو روڈ، اکبر روڈ، جن پتھ اور مان سنگھ روڈ پر جانے سے اجتناب کریں

دہلی پولیس کی بیریکیڈنگ
دہلی پولیس کی بیریکیڈنگ
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کی سڑکوں پر کانگریس کارکنان اپنے ہیڈکوارٹر سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر تک مارچ نکالنے جا رہے ہیں، جہاں سینئر لیڈر راہل گاندھی پیش ہونے والے ہیں۔ مارچ کے پیش نظر دہلی ٹریفک پولیس نے خصوصی تیاریاں کی ہیں اور پیر کے روز ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ کچھ مخصوص راستوں پر جانے سے گریز کریں۔

دہلی پولیس ٹریفک پولیس نے رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک موتی لال نہرو روڈ، اکبر روڈ، جن پتھ اور مان سنگھ روڈ پر جانے سے اجتناب کریں۔ خصوصی انتظامات کے باعث ان سڑکوں پر ٹریفک بند رہے گا۔ اس دوران لوگوں سے گول میتھی جنکشن، تغلق روڈ جنکشن، کلیریجز جنکشن، کیو پوائنٹ جنکشن، سنہری مسجد جنکشن، مولانا آزاد روڈ جنکشن اور مان سنگھ روڈ جنکشن سے گریز کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔


ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا، ’’ٹریفک کے خصوصی انتظامات کی وجہ سے نئی دہلی میں گول ڈاک خانہ جنکشن، پٹیل چوک، ونڈسر پلیس، تین مورتی چوک، پرتھوی راج روڈ سے آگے بسوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔‘‘ اس دوران موتی لال نہرو مارگ، اکبر روڈ، ادیوگ بھون روڈ سمیت کئی سڑکوں کو پولیس نے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ لوگوں کو ان سڑکوں پر چلنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں راہل گاندھی اور پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کے ساتھ کانگریس کے کئی لیڈروں کو 23 جون کو طلب کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ راہل گاندھی جس وقت پیش ہونے کے لئے جائیں گے تو پارٹی لیڈران پارٹی ہیڈکوارٹر سے ای ڈی دفتر تک مارچ نکالیں گے، تاہم پولیس نے مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈران کی جانب سے ملک کی کئی شہروں میں واقع ای ڈی دفتر کے سامنے بھی احتجاج کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Jun 2022, 11:08 AM