دہلی میں کانگریس کا تنظیمی اجلاس مکمل، ضلع صدور سے انتخابی حکمت عملی پر گفتگو

دہلی میں کانگریس ضلع صدور کی میٹنگ مکمل ہوئی جس میں تنظیمی استحکام، ووٹر لسٹ کی درستگی، انتخابی تیاریوں اور بی جے پی مخالف حکمت عملی پر غور کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس نے ضلع سطح پر اپنی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے ضلع کانگریس کمیٹی صدور کی میٹنگ کے تیسرے اور آخری مرحلے کا انعقاد جمعہ کو نئی دہلی کے اندرا بھون میں کیا۔ اس اجلاس میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت کئی سینئر رہنما شامل ہوئے اور ضلع صدور کے مشوروں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اس میٹنگ کا مقصد کانگریس تنظیم کو زمینی سطح پر مؤثر بنانا، ووٹر لسٹ کی جانچ کو بہتر بنانا، بوتھ مینجمنٹ میں بہتری اور کام کرنے کے طریقے کو مزید منظم بنانا تھا۔ اس موقع پر پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے ضلع صدور کو کانگریس کا اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ عوام تک پارٹی کے نظریات اور پروگرام پہنچانے میں ان کا کردار کلیدی ہے۔

انہوں نے ضلع صدور سے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے پوری توانائی کے ساتھ تیار رہیں اور بی جے پی-آر ایس ایس کی عوام دشمن اور دستور مخالف پالیسیوں کے خلاف مہم کو تیز کریں۔ کھڑگے نے یاد دلایا کہ بیلگام اجلاس میں سال 2024-25 کو کانگریس نے ’تنظیمی مضبوطی کا سال‘ قرار دیا ہے۔


انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح عوامی فلاح و بہبود نہیں بلکہ فرقہ وارانہ تقسیم ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے رات گئے اجلاس پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بحران جیسے اہم مسائل پر بحث سے بچنے کے لیے خفیہ طریقے سے قانون سازی کرتی ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ منی پور جیسے حساس موضوعات پر بحث رات کے اندھیرے میں اس لیے کرائی جاتی ہے تاکہ عوامی توجہ نہ ہو۔

کھڑگے نے ضلع صدور پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل پر قریبی نظر رکھیں اور ووٹر لسٹ میں ممکنہ چھیڑ چھاڑ کو روکنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

میٹنگ کے بعد تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور ترجمان پون کھیڑا نے بتایا کہ تین مرحلوں میں مجموعی طور پر 862 ضلع صدور نے شرکت کی۔ اجلاس میں بوتھ سطح کی حکمت عملی، ووٹر لسٹ کی جانچ، نظریاتی تربیت اور سوشل میڈیا حکمت عملی پر مفصل گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں ریاستی صدور، جنرل سکریٹریز اور مختلف ریاستوں کے انچارج حضرات نے بھی شرکت کی۔

وینوگوپال نے بتایا کہ 8-9 اپریل کو احمد آباد میں کانگریس کا تاریخی اجلاس منعقد ہوگا، جس کی تھیم ’نیائے پتھ: سنکلپ، سمرپن اور سنگرش‘ رکھی گئی ہے۔ یہ اجلاس مہاتما گاندھی کے صدر کانگریس بننے کے سو سال اور سردار پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ 8 اپریل کو پٹیل میموریل میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی توسیعی میٹنگ جبکہ 9 اپریل کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا مکمل اجلاس ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔