کجریوال اور بی جے پی کی لڑائی ناکامی سے توجہ ہٹانے کی سازش

کجریوال کو شراب مافیا کو فائدہ پہنچانا ہوتا ہے تو لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ بغیر کسی تنازع کے ، وہ ’گھر گھر شراب‘ کی فراہمی کی اسکیم پر اتفاق کرلیتے ہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

دہلی پردیش کانگریس نے وزیر اعلی اروند کجریوال اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان کریڈٹ لینے کے لئے گھر گھر راشن پہنچانے کی اسکیم کے تنازعہ کو گندی سیاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کو گمراہ کرنے والی سوچی سمجھی سازش اور کورونا دور کی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش ہے۔

ریاستی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کی سربراہی میں متحدہ ترقی پسند اتحاد حکومت نے قانون بنا کر غریبوں کو فوڈ سیکورٹی کا حق دیا تھا ، لیکن بی جے پی اور کجریوال ان حقوق کو غریبوں تک پہنچانے کی جگہ کریڈٹ لینے کیلئے گندی سیاست کررہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ کجریوال کو شراب مافیا کو فائدہ پہنچانا ہوتا ہے ، تو لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ بغیر کسی تنازع کے ، وہ ’گھر گھر شراب‘ کی فراہمی کی اسکیم پر اتفاق کرلیتے ہیں ، لیکن جب بات عام لوگوں کو راشن فراہم کرنے کی آتی ہے ، تو غریبوں کے لئے بنائی گئی ا سکیم پر گندی سیاست شروع کردی جاتی ہے۔

چودھری انل نے کہا کہ شیلا دیکشت حکومت کے دوران دہلی میں 31 لاکھ راشن کارڈ ہولڈر تھے اور اب یہ گھٹ کرصرف 17 لاکھ رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال کی سربراہی میں حکومت نے دہلی میں 463 راشن دکانوں کو بند کردیا ہے اور شراب کے 420 سے زیادہ ٹھیکے کھول دیئے گئے ہیں۔


انل نے کہا کہ اگر کیجریوال حکومت کا ارادہ لوگوں کو راشن فراہم کرنا تھا ، تو ریاستی سطح پر تقریبا 54 لاکھ فائدہ اٹھانے والے جن کے راشن کارڈ کی درخواست گذشتہ سات برسوں سے التوا میں پڑی ہوئی ہے ، انہیں ریاستی سطح پر اسکیم تیار کرکے راشن مہیا کیا جاسکتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔