کیجریوال حکومت نے کیا ’فری وائی فائی‘ دینے کا اعلان، ہر مہینہ ’15 جی بی ڈیٹا‘ مفت

اروند کیجریوال نے دہلی میں فری وائی فائی اسکیم کا اعلان کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں تمام بس اڈوں پر 3000 وائی فائی ہاٹ اسپاٹ نصب کئے جائیں گے اور ہر صارف کو ماہانہ 15 جی بی مفت ڈیٹا فراہم ہوگا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کے روز عام آدمی پارٹی کے انتخابی وعدے کے مطابق مفت وائی فائی کا فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پہلے مرحلے میں دہلی کے تمام بس اڈوں پر 3000 وائی فائی ہاٹ اسپاٹ لگائے جائیں گے اور اس طرح پوری دہلی میں کل 11000 ہاٹ اسپاٹ نصب ہوں گے۔ منصوبہ کے مطابق ہر صارف کو ماہانہ 15 جی بی ڈیٹا مفت فراہم ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق عام آدمی پارٹی کے اس منصوبہ کا آغاز 16 دسمبر سے کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ فری وائی فائی کے حوالے سے کابینہ کی منظوری اور ٹینڈر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ رواں سال 8 اگست کو کابینہ نے بس اڈوں پر 4000 ہاٹ اسٹاپ جبکہ ہر اسمبلی حلقہ انتخاب میں 100 ہاٹ اسپاٹ کی تنصیب کی منظوری دی تھی۔ ہاٹ اسپاٹ کے 50 کے دائرے میں جتنے بھی لوگ ہوں گے وہ مفت وائی فائی کا فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس منصوبہ پر حکومت 100 کروڑ روپے سالانہ خرچ کرے گی۔


غور طلب ہے کہ سال 2015 کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے دہلی میں مفت وائی فائی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اب آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل اس وعدے کو پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ہر آدھے کلومیٹر پر ایک ہاٹ اسپاٹ؟

دہلی میں اسمبلی کے حلقوں کے مطابق ہاٹ اسپاٹ لگائے جائیں گے۔ پہلے 100 ہاٹ اسپاٹ کا افتتاح 16 دسمبر کو ہو سکتا ہے۔ پہلے ہفتے میں 100 اور اس کے بعد 500 ہاٹ اسپاٹ ہفتہ وار نصب ہوں گے۔ ہاٹ اسپاٹ کی تنصیب ہر آدھے کلو میٹر کے دائرے میں کی جائے گی۔

وائی فائی کی اسپیڈ زیادہ سے زیادہ 200 اور کم از کم 100 ایم بی پی ایس (میگا بائیٹ پر سیکنڈ) ہوگی اور ایک ہاٹ اسپاٹ پر 100 افراد انٹرنیٹ استعمال کر سکتے ہیں۔ وائی فائی کے ذریعے انٹر نیٹ کا استعمال کرنے کے لئے ایک ایپ تیار کی گئی ہے جسے جلد ہی جائے کیا جائے گا۔ اس ایپ پر کے وائی سی (صارف کی شناخت) اپڈیٹ کرنے اور موبائل نمبر پر حاصل کردہ او ٹی پی (ون ٹائم پاسورڈ) کے ذریعے وائی فائی سے کنیکٹ کیا جا سکے گا۔ صارف کے ایک مرتبہ اس ایپ پر رجسٹریشن کرانے کے بعد وہ جیسی ہی کسی ہاٹ اسپاٹ کے نزدیک جائے گا اس کا موبائل وائی فائی سے آٹو کینکٹ ہو جائے گا اور اسے فری انٹر نیٹ کی سروس حاصل ہونے لگے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Dec 2019, 1:45 PM
/* */