2 عآپ ممبران اسمبلی عدالتی حراست میں بھیجے گئے

گرافکس قومی آواز
گرافکس قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

21 Feb 2018, 5:01 PM

عآپ ممبران اسمبلی کو حراست میں لینے کی عرضی خارج

دہلی ہائی کورٹ نے 2 عآپ ممبران اسمبلی کو حراست میں لینے سے متعلق پولس کی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد عدالت نے دونوں عآپ ممبران اسمبلی کو کل یعنی جمعرات تک کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس سلسلے میں ضمانت کی عرضی داخل کر دی گئی ہے جس پر آج ہی سماعت ہونی ہے۔

21 Feb 2018, 2:08 PM

میڈیکل رپورٹ میں چیف سکریٹری کے ساتھ مار پیٹ ثابت

عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ چیف سکریٹری انشو پرکاش کے میڈیکل رپورٹ میں مار پیٹ کی بات ثابت ہوئی ہے۔ ان کے چہرے کے پاس کٹنے کا نشان اور سوجن کی بات بھی رپورٹ میں شامل ہے۔ ایک خبر رساں ایجنسی نے یہ خبر پولس ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔

21 Feb 2018, 1:35 PM

بی جے پی کے اشارے پر دہلی حکومت کا گلا گھونٹنے کی کوشش: عآپ

عام آدمی پارٹی چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ بدسلوکی معاملے پر پریس کانفرنس کر رہی ہے جس میں پارٹی ترجمان سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ بی جے پی دہلی حکومت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسی کے اشارے پر یہ تنازعہ بڑھا ہے۔ سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ اگر مرکزی حکومت کو ہم سے اتنی نفرت ہے تو ہمیں جیل میں ڈال دے، ہمارے سبھی ممبران اسمبلی کو جیل میں بھر دے لیکن ہمارے ممبران اسمبلی پر جھوٹے الزامات عائد نہ کرے۔

پریس کانفرنس میں سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ عآپ ممبران اسمبلی کے خلاف نفرت اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ ہمارے ممبر اسمبلی سومناتھ بھارتی کے کتے کو پکڑنے کے لیے 40 دہلی پولس کے جوان جاتے ہیں۔


21 Feb 2018, 12:22 PM

ہمارے خلاف بی جے پی کی سازش: امانت اللہ

دہلی میں عام آدمی پارٹی اور افسران کے درمیان جاری تنازعہ مزید بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ دریں اثنا امانت اللہ خان نے جامعہ نگر تھانے میں خود سپردگی کر دی ہے۔ اس دوران امانت اللہ خان نے کہا کہ ان کے ساتھی ارکان اسمبلی کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ہے اور یہ سب کچھ بی جے پی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے کچھ نہیں کیا۔‘‘ وہیں دہلی پولس کا کہنا ہے کہ امانت اللہ خان نے خود سپردگی نہیں کی بلکہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

21 Feb 2018, 12:08 PM

ایل جی نے رپورٹ سونپی

ادھر گورنرانل بیجل نے اس معاملہ پر رپورٹ وزارت داخلہ کو سونپ دی ہے۔ دہلی پولس کمشنر امولیہ پٹنایک نے داخلہ سکریٹری سے ملاقات کرکے معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کرایا۔


21 Feb 2018, 12:04 PM

وی کے جین حراست سے رہا

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے مشیر وی کے جین کو پولس نے رہا کر دیا ہے۔ وی جین کو مہارانی باغ واقع ان کے گھر سے صبح 7 بجے حراست میں لیا تھا اور تین گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے جو شکایت درج کرائی تھی اس میں وی کے جین کا نام بھی شام تھا۔

21 Feb 2018, 11:46 AM

سمجھیں پورا معاملہ

  • دہلی کے چیف سکریٹری انشو پرکاش نے عام آد می پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان سمیت کچھ ارکان پر مار پیٹ کا الزام لگایا۔ انشو پرکاش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر بلائی گئی میٹنگ میں اروند کیجریوال کے سامنے ان کے ارکان اسمبلی نے مار ہیٹ اور بدسلوکی کی۔
  • معاملے کے طول پکڑنے کے بعد ناراض بیوروکریٹس نے کہا کہ جب تک اروند کیجریوال اس واقعہ کے حوالہ سے معافی نہیں مانگیں گے تب تک وہ کیجریوال اور ان کے وزراء کی طرف سے بلائی جانے والی میٹنگوں کا بائیکاٹ کریں گے۔
  • آئی اے ایس(انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس)، ڈی اے این آئی سی ایس (دہلی انڈمان اینڈ نکوبار آئی لینڈ سول سروس) اور ڈی ایس ایس (دہلی سب آرڈینیٹ سروسز سلیکشن بورڈ) نے منگل کی شب ایک میٹنگ کی۔ اس دوران منظور کی گئی ایک تجویز میں کہا گیا کہ عام آدمی پارٹی کے وزراء سے تحریری ڈائیلاگ کریں تاکہ عوامی خدمات کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
  • گزشتہ شام مبینہ بدسلوکی کی مخالفت میں افسران نے راج گھاٹ پر کینڈل مارچ نکالا۔ افسران نے اس معاملہ پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور ایل جی انیل بیجل سے ملاقات کی ہے۔
  • اس معاملہ میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی پرکاش جاروال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے جار رہے تھے۔ جاروال کا نام ایف آئی آر میں نہیں ہے لیکن چیف سکریٹری کو دکھائی گئی تصویر سے ان کی پہچان کی گئی ہے۔
  • دہلی پولس ابھی تک رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی تلاش کر رہی ہے۔ پولس نے جن ارکان اسمبلی کے خلاف شکایت درج کی ہے ان میں امانت اللہ کا نام بھی شامل ہے۔ معاملہ میں دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں ایک وزیر عمران حسین کی طرف سےاور دوسری آئی اے ایس کی شکایت پر عآپ ارکان اسمبلی کے خلاف۔ دونوں شکایتوں پر پولس تفتیش کر رہی ہے۔
  • عام آدمی پارٹی کے رہنما آشیش کھیتان کا الزام ہے کہ ’’کچھ ملازمین نے سکریٹریٹ میں آ کر ان کے ساتھ مار پیٹ کی ہے۔ وزیر عمران حسین کو بھی اس دوران گھیر لیا گیا۔ اس دوران مسلسل ’مارو-مارو‘ کی صدائیں گونجتی رہیں۔‘‘ آشیش کھیتا ن کے مطابق اس کے بعد انہوں نے پولس کو موقع پر بلایا۔
  • دیولی سے عآپ کے رکن اسمبلی پرکاش جاروال نے سنگم وہار تھانے میں شکایت دی ہے کہ دلت خاندان کو راشن نہ ملنے کے تعلق سے چیف سکریٹری سے سوال کئے تو انہوں نے کہ ’’مجھ سے سوال پوچھنے کی تمہاری اوقات نہیں ہے۔‘‘
  • ارکان اسمبلی نے الزام عائد کیے ہیں کہ چیف سکریٹری نے انہیں ذاتیاتی الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا ’’تم ریزرویشن سے ایم ایل اے بن گئے ہو اور تمہیں جواب دینا میں ضروری نہیں سمجھتا۔ میں صرف گورنر کو جواب دوں گا اور انہیں رپورٹنگ کروں گا۔‘‘عآپ رکن اسمبلی نے چیف سکریٹری پر گالی دینے کا بھی الزام لگایا۔
  • جس میٹنگ میں یہ واقعہ پیش آیا تھا اس میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے علاوہ 10 ارکان اسمبلی موجود تھے۔ ان میں پرکاش جاروال، اجے دت، امانت اللہ خان، نتن تیاگی، سنجیو جھا، مدن لال، پروین کمار، راجیش گپتا، رتو راج جھا اور راجیش رشی شامل تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق میٹنگ کے دوران وزیر غذا و ترسیلات عمران حسین موجود نہیں تھے۔

21 Feb 2018, 11:01 AM

کیجریوال کے سیاسی مشیر حراست میں

دہلی میں اروند کیجریوال حکومت اور آئی اے ایس افسران کے بیچ چل رہے تنازعہ کی وجہ سے راجدھانی کی سیاست میں اس وقت بھونچال آیا ہوا ہے۔ چیف سکریٹری انشو پرکاش نے عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی پر بدسلوکی کا الزام عائد کیا ہے جبکہ پارٹی کی طرف سے اسے خارج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عآپ کے ارکان اسمبلی نے چیف سکریٹری پر گالی گلوج کرنے کا الزام لگایا ہے۔

معاملہ میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کے مشیر وی جین کو حراست میں لیا ہے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ پرکاش کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملہ میں جین سے پوچھ گچھ کے لئے مہارانی باغ واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ جین نے ہی چیف سکریٹری کو بروز پیر دیر رات میٹنگ میں پہنچنےکے لئے فون کیا تھا، جہاں ان کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ کی گئی۔

اس کے علاوہ اوکھلا کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان کے گھر کے ارد گرد کل رات سے ہی پولس تعینات ہے اور ان کی تلاش کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ امانت اللہ خان کو پکڑنے کے لئے دہلی پولس نے کئی مقامات پر دبش بھی دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */