دہلی: سی بی آئی کی بڑی کارروائی، آئی آر ایس افسر 25 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
آئی آر ایس افسر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک کاروباری سے 45 لاکھ روپے کی رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ رشوت محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے کسی طرح کی کارورائی کو روکنے کے لیے مانگی گئی تھی۔

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 31 مئی کو ایک سنگین بدعنوانی کے الزام میں 2007 بیچ کے ایک سینئر انڈین ریونیو سروس (آئی آر ایس) افسر امت کمار سنگھل کو 25 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اس کے ساتھ ایک اور شخص ہرش کوٹک کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
دونوں ملزمان کے خلاف سی بی آئی نے کیس درج کر لیا ہے۔ الزام ہے کہ ان دونوں نے ایک کاروباری سے 45 لاکھ روپے کی رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ رشوت محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے کسی طرح کی کارورائی کو روکنے کے لیے مانگی گئی تھی۔ واضح ہو کہ امت کمار سنگھل پیشے سے آئی آر ایس افسر ہیں۔ وہ اس وقت نئی دہلی واقع محکمہ انکم ٹیکس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے عہدہ پر تعینات ہیں۔ جبکہ دوسرا ملزم بچولیا ہے، جس نے رشوت لینے کے عمل میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سی بی آئی کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امت کمار سنگھل نے ہرش کوٹک کی مدد سے شکایت کنندہ سے کُل 45 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ رشوت نہ دینے کی صورت میں امت کمار سنگھل نے شکایت کنندہ کو قانونی کارروائی، بھاری جرمانے اور ہراسانی کی دھمکی دی تھی۔ شروعات میں 25 لاکھ روپے کی ٹوکن رقم دینے پر اتفاق ہوا تھا۔ حالانکہ اس دوران ہی سی بی آئی نے آئی آر ایس افسر کو حراست میں لے لیا۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے بدعنوانی کی شکایت ملنے کے بعد منصوبہ بند طریقہ سے جال بچھایا اور ملزمان کو رشوت کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پہلے تو شکایت کنندہ کی اطلاع پر سی بی آئی نے ہفتہ کو ایف آئی آر درج کی۔ سی بی آئی نے بچولیا ہرش کوٹک کو موہالی میں سرکاری ملازم کی رہائش گاہ پر شکایت کنندہ سے 25 لاکھ روپے کی رشوت کا مطالبہ کرتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اس کے بعد کلیدی ملزم امت کمار سنگھل کو بھی وسنت کنج واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔