دہلی کا 65 ہزار کروڑ روپے پر مشتمل بجٹ پیش، کورونا کے لیے 50 کروڑ روپے کا اعلان

وزیر خزانہ منیش سسودیا نے آج اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کی طرح صحت اور تعلیم کے شعبے میں حکومت کی ترجیح جاری رہے گی۔

تصﷺیر سوشل میڈیا
تصﷺیر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی حکومت نے پیر کو 2020-21 کے لئے 65 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے تعلیم اور صحت کو ترجیح دیتے ہوئے دارالحکومت میں مرکز کی ايوشمان بھارت یوجنا، کورونا وائرس کی مد میں 50 کروڑ روپے ، 200 یونٹ تک بجلی مفت اور خواتین کو دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) کی بسوں میں مفت سفر کی اسکیم برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ منیش سسودیا نے آج اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کی طرح صحت اور تعلیم کے شعبے کو حکومت کی ترجیح جاری رہے گی۔ رواں مالی سال کے لئے دلی حکومت کا بجٹ 60 ہزار کروڑ روپے کا تھا۔ سسودیا نے 2020-21 میں صحت کے شعبے کے لئے 7704 کروڑ روپے کا التزام کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت میں مرکزی حکومت کی صحت سے متعلق اسکیم ايوشمان بھارت کو نافذ کرے گی۔ نئے اسپتالوں کے لئے 724 کروڑ روپے اور نئے محلہ کلینک اور پالی کلینک کھولنے کے 365 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے میں فنڈز کی کسی قسم کی کمی نہیں آنے دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے وزیر خزانہ نے بجٹ میں 50 کروڑ روپے کا التزام کیا ہے۔


ڈی ٹی سی کی بسوں میں خواتین کے لئے آئندہ مالی سال بھی مفت سفر جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے سسودیا نے کہا کہ 200 یونٹ ماہانہ کھپت والے صارفین کے لئے 2020۔21 میں بھی فری بجلی کی فراہمی جاری رہے گی۔ بجلی سبسڈی کے لئے 2820 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ دس کروڑ روپے سے دہلی درشن یوجنا نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ’مکھیہ منتری تیرتھ یوجنا‘ کے لئے 100 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔

منیش سسودیا نے کہا کہ حال ہی میں شمال مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد کو دیکھتے ہوئے دارالحکومت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی مہم چلائی جائے گی۔ آلودگی کو کم کرنے کے لئے بجٹ میں 30 کروڑ روپے کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ’ماحول مارشل‘ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پندرہ نئے اسکول کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے منیش سسودیا نے کہا کہ دلی کا اپنا تعلیمی بورڈ بنایا جائے گا۔ دہلی کی سڑکوں کو سنوارنے کے لئے 193 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ دہلی حکومت کے ہر اسکول میں ڈیجیٹل کلاس کے لئے 100 کروڑ روپئے الاٹ کیے گئے ہیں۔ دہلی میں 145 نئے ایكسی لینسی اسکول بنانے کی تجویز ہے۔ دارالحکومت میں 29 تعلیمی زون ہیں اور ہر زون میں پانچ ایكسيلینسی اسکول ہوں گے۔ دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں سبھی بچوں کو مفت اخبار دیئے جائیں گے۔ انگریزی بولنا اور شخصیت میں نکھار کے کورسوں کے لئے 12 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ کچی کالونیوں میں بنیادی سہولیات کے لئے 1700 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ راجدھانی میں ڈی ٹی سی بسوں کی پارکنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے 1700 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔


وزیر خزانہ نے کہا کہ سال 2015 میں جب عام آدمی پارٹی (عآپ) حکومت اقتدار میں آئی تو دہلی کی فی کس آمدنی دو لاکھ 70 ہزار 261 روپے تھی گزشتہ پانچ برسوں میں اس میں 44 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ ملک کے مقابلے میں دہلی کی فی کس آمدنی تین گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی دارالحکومت میں 2000 مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس ہیں جن کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔