دہلی دھماکہ: ڈاکٹر نریش کمار نے مہلوک پنکج کمار ساہنی کے اہل خانہ سے کی ملاقات، حکومت سے فوری معاوضہ کا مطالبہ

ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ پنکج ساہنی کی بے وقت موت پورے علاقہ کے لیے گہرا صدمہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ مہلوکین کے گھر والوں کو اعلان کردہ معاشی امداد فوراً فراہم کرے تاکہ ان کی پریشانیاں کچھ کم ہوں۔

<div class="paragraphs"><p>مہلوک پنکج کمار ساہنی کے گھر والوں سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹر نریش کمار</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے لال قلعہ کے قریب ہوئے دھماکہ میں ہلاک ہونے والے پنکج کمار ساہنی کو آج خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے منڈکا اسمبلی حلقہ کے اُکار وِہار کالونی واقع ان کی رہائش پر جا کر گھر والوں سے ملاقات کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر نریش کمار کا کہنا ہے کہ پنکج ساہنی کی بے وقت موت پورے علاقے کے لیے گہرا صدمہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ مہلوکین کے گھر والوں کو اعلان کردہ معاشی امداد فوراً فراہم کرے تاکہ ان کی پریشانیاں کچھ کم ہو سکیں۔ کانگریس لیڈر نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دردناک حادثہ کو 3 دن گزر چکے ہیں، لیکن اب تک آنجہانی پنکج ساہنی کے گھر والوں سے ملاقات کے لیے کوئی بھی سرکاری نمائندہ نہیں پہنچا ہے۔ ممکن ہے کہ دوسرے مہلوکین کے ساتھ بھی حکومت کا یہی رویہ ہوگا، جو انتہائی مایوس کن ہے۔


مقامی لوگوں نے بتایا کہ رکن پارلیمنٹ یوگیش چندولیا کو فون کیا گیا تھا، لیکن وہ بھی متاثرہ کنبہ سے ملاقات کے لیے نہیں پہنچے۔ آج کانگریس کی طرف سے یہ پیش قدمی کی گئی اور پارٹی نے گھر والوں سے ملاقات کر انسانیت نوازی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نریش نے کہا کہ حکومت کے ذریعہ اعلان کردہ 10 لاکھ روپے کا معاوضہ بے حد کم ہے۔ دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے مہلوکین کے ورثا کو 50-50 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا ہے، جو مناسب ہے۔ ڈاکٹر نریش نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے گزارش کی ہے کہ وہ دیویندر یادو کے مطالبہ پر سنجیدگی سے غور کریں۔

ڈاکٹر نریش کمار نے یہ بھی کہا کہ معاوضہ کا عمل آسان بنایا جانا چاہیے۔ اکثر متاثرہ کنبوں سے طرح طرح کے دستاویزات مانگے جاتے ہیں، جس سے تاخیر ہوتی ہے۔ موت کو ہی کلیدی ثبوت تصور کیا جائے تاکہ متاثرہ کنبوں کو جلد راحت مل سکے۔ ڈاکٹر نریش نے بتایا کہ آج ان کی دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو سے بات چیت ہوئی ہے، اور انھوں نے بھروسہ دلایا ہے کہ کانگریس پارٹی اس مشکل وقت میں بم دھماکہ کے سبھی متاثرہ کنبوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔