دہلی اسمبلی انتخاب نہیں جیت سکے تو تشدد کروا دیا: شردپوار

شردپوار نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے قومی راجدھانی دہلی جل رہی ہے۔ مرکز میں اقتدار کر رہی پارٹی دہلی اسمبلی انتخاب میں کامیاب نہیں ہو سکی تو فرقہ پرستی کو بڑھاوا دے کر سماج کو تقسیم کر دیا گیا۔

این سی پی سربراہ شرد پوار
این سی پی سربراہ شرد پوار
user

یو این آئی

ممبئی: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو لے کر دہلی میں ہوئے تشدد کے بعد اپوزیشن جماعتیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سمیت این ڈی اے کو لگاتار نشانے پر لے رہا ہے۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے چیف شردپوار نے ممبئی میں گزشتہ روز ایک پروگرام کے دوران کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے قومی راجدھانی دہلی جل رہی ہے۔ مرکز میں اقتدار کر رہی پارٹی دہلی اسمبلی انتخاب میں کامیاب نہیں ہو سکی تو فرقہ پرستی کو بڑھاوا دے کر سماج کو تقسیم کر دیا گیا۔

بتا دیں کہ دہلی تشدد میں اب تک 45 سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور قریب 200 لوگ زخمی ہیں۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھتی ہوئی دکھ رہی ہے۔ اسپتالوں میں بھرتی بہت سے ایسے لوگ موت کے منہ میں سماتے جا رہے ہیں جو سنگین طور سے زخمی ہیں۔ وہیں نالوں اور جلے ہوئے گھروں گاڑیوں سے بھی لاش برآمد ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب مہاراشٹر میں اتحاد والی سرکار کی ساتھی راشٹروادی کانگریس پارٹی (این سی پی) نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) انتخاب میں بھی وہ شیوسینا کے ساتھ مل کر اس کا نمبر ون کا درجہ برقرار رکھیں گے۔ اسی پروگرام میں موجود نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے کہا ہے کہ نمبر دو پر این سی پی کو لانے کے لئے زوردار طریقے سے کوشش کی جائے گی۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے کہا بی ایم سی میں شیوسینا نمبر ایک پارٹی ہے اور انہیں وہاں بنے رہنا چاہیے کیونکہ وہ ہمارے ساتھ اتحاد میں ہیں لیکن این سی پی کو دوسرے مقام پر آنے کی کوشش کرنا چاہیے۔


اجیت پوار نے یہ بھی کہا این سی پی کارکنان کو ہمارے ساتھیوں کے بارے میں کسی بھی طرح کی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ آنے والے دنوں میں ہمیں ساتھ مل کر انتخاب لڑنا ہے۔ اس سے پہلے بی جے پی رکن اسمبلی آشیش شیلار نے کہا تھا کہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی ممبئی کی سب س زیادہ 17 سیٹیں جیت کر نمبر ایک پارٹی بنی ہے۔ ممبئی کے سبھی 227 وارڈ صدر کے انتخاب کو لے کر لائحہ عمل بنایا گیا ہے جس سے آنے والے میونسپل کارپوریشن انتخاب میں ہم اپنی طاقت دکھا سکیں۔ وہیں بی جے پی رکن اسمبلی و ترجمان رام کدم نے دعوی کیا ہے کہ بی ایم سی میں اگلا میئر بی جے پی کا ہو گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔