دہلی اسمبلی انتخاب: ’حکومت بننے پر ہم ریہڑی-پٹری والوں سے متعلق قانون نافذ کریں گے‘، کانگریس کا اظہار عزم
کانگریس لیڈر مونا مشرا نے کہا کہ ’’دہلی میں کئی لوگ ریہڑی-پٹری پر دکان لگا کر اپنے کنبہ کی پرورش کرتے ہیں، کانگریس پارٹی انہی کے لیے 2014 میں ایک قانون لائی تھی لیکن آج تک اسے نافذ نہیں کیا گیا۔‘‘
اتر پردیش اسمبلی کی رکن اور کانگریس لیڈر مونا مشرا نے آج دہلی کے ریہڑی-پٹری والوں کی آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکز کی بی جے پی اور دہلی کی عآپ حکومت نے انھیں پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ انھوں نے عآپ حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ کانگریس کے ذریعہ ریہڑی پٹری والوں کے لیے جو قانون بنایا گیا تھا، اسے نافذ نہیں کیا گیا۔ اگر یہ قانون نافذ ہوتا تو ریہڑی پٹری والوں کی زندگیاں آسان ہو جاتیں۔
دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مونا مشرا نے کہا کہ ’’دہلی میں کئی لوگ ریہڑی-پٹری پر دکان لگا کر اپنے کنبہ کی پرورش کرتے ہیں۔ کانگریس پارٹی انہی کے لیے 2014 میں ایک قانون لائی تھی۔ اس قانون میں التزام ہے کہ شہر کی 2.5 فیصد آبادی جتنی ریہڑی-پٹری کے لیے جگہ مقرر کیے جائیں گے۔ کسی بھی ریہڑی کو ہٹایا نہیں جائے گا۔ لیکن آج تک حکومت نے اس کا انتظام نہیں کیا اور ’نو وینڈنگ زون‘ نہیں بنائے گئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج ریہڑی-پٹری کے دکانداروں کا سب سے بڑا مسئلہ استحصال اور رشوت ہے۔ دہلی کی عآپ حکومت اور مرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامی کے سبب آج ریہڑی-پٹری کے دکاندار پریشان ہیں۔‘‘
مونا مشرا نے عآپ حکومت کی ناکامیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام سے وعدہ کیا کہ کانگریس حکومت بننے پر ریہڑی پٹری والے کے لیے اہم اقدام اٹھائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی کا وعدہ ہے کہ حکومت بننے پر ہم ریہڑی-پٹری والوں سے متعلق قانون کو نافذ کریں گے اور لوگوں کو ان کا حق دلائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم سبھی دہلی کو صرف راجدھانی کی شکل میں نہیں دیکھتے ہیں، بلکہ یہ ملک کا دِل ہے۔ یہ ایسا شہر ہے جس نے ملک کی ہر ریاست، ہر ضلع سے آنے والے لوگوں کو خود میں سما لیا ہے۔ لیکن افسوسناک بات ہے کہ آج یہ شہر دو پارٹیوں کے جھگڑے کی وجہ سے بدحال اور بے بس ہے۔‘‘
شیلا دیکشت کے دور کی دہلی کو یاد کرتے ہوئے مونا مشرا کہتی ہیں کہ ’’شیلا جی کی حکومت کے وقت دہلی نے شاندار وقت دیکھا۔ ملک سمیت دنیا میں دہلی نے اپنی ایک الگ شناخت قائم کی۔ لیکن آج دہلی میں خطرناک آلودگی ہے، پورا شہر کوڑے کے ڈھیر سے گھرتا جا رہا ہے اور انفراسٹرکچر تباہ ہے۔‘‘ دہلی کی بدتر حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ ’’دہلی میں نہ ہوا صاف ہے، نہ پانی... اور ماں جمنا کی حالت تو ہم سب دیکھ ہی رہے ہیں۔ سیاسی خواہشات اور ذاتی مفادات کی وجہ سے دہلی کی ایسی بدحالی ہوئی ہے۔‘‘
کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں دہلی کے ریہڑی-پٹری والوں کی پریشانیوں کو دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’دہلی میں ہر روز ریہڑی-پٹری کے دکانداروں کو ناانصافی اور مظالم برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ یہ ہماری روز مرہ کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں، لیکن ان کی زندگی بدحال ہے۔ انھیں ہر روز دہلی پولیس اور ایم سی ڈی کے ذریعہ جسمانی، ذہنی اور معاشی طور سے پریشان کیا جاتا ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی نے ریہڑی-پٹری کے دکانداروں کے لیے وینڈرس ایکٹ بنایا، لیکن عآپ اور بی جے پی نے مل کر انھیں پریشان کیا۔ اب مزید نہیں... ہم ان لوگوں کو انصاف دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔